آزاد جموں و کشمیر کے دارالحکومت مظفرآباد کے علاقے گوجرہ میں ایمز کالج کے پرنسپل حمزہ برہان کو گولیاں مار کر قتل کرنے کی لرزہ خیز واردات کے بعد پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے قاتل کو گرفتار کر لیا ہے۔ واقعے کے بعد پولیس کی نفری موقع پر موجود ہے اور عینی شاہدین کے مطابق مقتول پرنسپل پر حملہ کالج کے گیٹ پر بلا کر کیا گیا۔
عینی شاہدین کے مطابق، ایمز کالج کے پرنسپل حمزہ برہان وقوعہ کے وقت کالج کے اندر ہی موجود تھے اور انہوں نے صفائی کے عملے کو ہدایت جاری کی تھی کہ اسکول کو صاف رکھا جائے کیونکہ مہمان آ رہے ہیں۔ اسی اثنا میں کالج کے مرکزی گیٹ پر دستک ہوئی، جہاں گیٹ پر آنے والے ایک شخص نے پرنسپل حمزہ برہان کو باہر بلایا اور ان پر فائر کر دیا۔ فائرنگ کے اس حملے کے باعث پرنسپل شدید زخمی ہو گئے، جنہیں فوری طور پر ہسپتال منتقل کیا گیا تاہم وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے جاں بحق ہو گئے۔
یہ بھی پڑھیں: وادی نیلم، سرگن میں افسوسناک واقعہ،16سالہ لڑکی نالے میں بہہ گئی
کالج کے اندر دن دیہاڑے ہونے والی فائرنگ اور اپنے پرنسپل کو خون میں لت پت دیکھ کر وہاں موجود اسٹوڈنٹس شدید پریشان اور خوفزدہ ہو گئے اور وہ کالج کے اندر ہی محصور ہو کر رہ گئے۔ اس اچانک اور وحشیانہ حملے کے نتیجے میں جائے وقوعہ پر سڑک خون سے بھر گئی اور دن دیہاڑے ہونے والی فائرنگ کی اس سنگین واردات کے بعد پورے گوجرہ کے علاقے میں شدید خوف و ہراس پھیل گیا اور لوگ غیر محفوظ محسوس کرنے لگے۔
واقعے کے فوراً بعد مقامی پولیس کی نفری نے موقع واردات پر پہنچ کر علاقے کا پورا کنٹرول سنبھال لیا۔ اس سے قبل یہ تفصیلات سامنے آئی تھیں کہ شر پسند عناصر پرنسپل حمزہ برہان پر اندھا دھند گولیاں چلا کر اور اس لرزہ خیز واردات کو انجام دے کر موقع سے باآسانی فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے تھے، جس پر پولیس کی مختلف ٹیموں نے گوجرہ کے علاقے میں فائرنگ کرنے والے ان نامعلوم ملزمان اور فرار ہونے والے شر پسند عناصر کی تلاش کے لیے بڑے پیمانے پر کارروائی کا آغاز کیا تھا۔
پولیس نے جائے وقوعہ پر پہنچ کر فوری طور پر مربوط کارروائی کی اور فائرنگ کرنے والے قاتل کو گرفتار کر لیا ہے۔ قاتل کی گرفتاری کے بعد بھی پولیس کی نفری اس وقت موقع پر موجود ہے اور صورتحال کی نگرانی کر رہی ہے۔




