آزاد کشمیر الیکشن کمیشن نے قانون ساز اسمبلی کے عام انتخابات کے لیے ووٹر فہرستوں کے فائنل پرنٹ سے قبل امیدواروں اور ووٹرز کو آج مورخہ 18 مئی 2026 کو اپنے ووٹ کی تصدیق اور رجسٹریشن افسران سے رابطے کی آخری مہلت دے دی ہے۔
مظفرآباد سے نمائندے شبیر اعوان کی رپورٹ کے مطابق آزاد جموں کشمیر الیکشن کمیشن نے اپنے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ صاف اور شفاف انتخابات کی اصل بنیاد مکمل طور پر صاف اور شفاف ووٹر لسٹوں پر ہوتی ہے۔ اس اہم ترین ہدف اور انتخابی مرحلے کی کامیابی سے تکمیل کے لیے الیکشن کمیشن نے عوام اور انتظامیہ سے بھرپور تعاون کی اپیل کی ہے۔ الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ ووٹر فہرستوں کی حتمی اشاعت اور فائنل پرنٹنگ سے قبل تمام خامیوں کو دور کرنا بے حد ضروری ہے۔
یہ بھی پڑھیں: پی ٹی آئی کو باہر رکھ کر الیکشن کروانا قابلِ قبول نہیں، یہ ایک بڑی سازش ہے، سردار عبد القیوم نیازی
الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری کردہ ہدایات کے مطابق آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی کے انتخابات میں حصہ لینے والے تمام امیدواران اور عام ووٹران کو مطلع کیا گیا ہے کہ وہ آج مورخہ 18 مئی 2026 کو اپنے اپنے متعلقہ رجسٹریشن آفیسر صاحبان کے دفاتر سے فوری رابطہ قائم کریں۔ فائنل پرنٹ سے قبل تمام ووٹروں کو یہ موقع دیا جا رہا ہے کہ وہ انتخابی فہرستوں میں اپنے نام اور ڈیٹا کا خود معائنہ کر لیں تاکہ بعد میں کسی قسم کی پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے۔
الیکشن کمیشن نے رجسٹریشن افسران کے دفاتر آنے والے شہریوں کی سہولت کے لیے ایک ڈیجیٹل طریقہ کار بھی وضع کیا ہے۔ ہدایات کے مطابق دفاتر تشریف لانے سے قبل تمام ووٹرز اپنے موبائل فون سے 8302 پر اپنا قومی شناختی کارڈ (CNIC) نمبر ایس ایم ایس (SMS) بھیج کر اپنے ووٹ کی موجودہ صورتحال لازمی چیک کریں۔ اس ایس ایم ایس کے ذریعے ووٹرز کو فوری طور پر معلوم ہو جائے گا کہ ان کا ووٹ کہاں اور کس حلقے میں درج ہے۔
مزید پڑھیں: مہاجرین نشستوں کا معاملہ یکسو ہونے تک الیکشن شیڈول کا اعلان مشکل ہے، فیصل راٹھور
الیکشن کمیشن نے ووٹرز کو سخت تاکید کی ہے کہ اگر 8302 پر شناختی کارڈ نمبر بھیجنے کے بعد آپ کے ووٹ کا اندراج آپ کے کمپیوٹرائزڈ شناختی کارڈ کے مستقل یا موجودہ پتے کے مطابق نہیں ہے، یا فہرست میں آپ کا نام سرے سے موجود ہی نہیں ہے، تو اس غلطی کی تصحیح کے لیے فوری طور پر متعلقہ رجسٹریشن آفیسر کو مطلع کریں۔ الیکشن کمیشن نے عوام پر زور دیا ہے کہ وہ اس قومی فریضے میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں اور صاف شفاف الیکشن کے انعقاد کے لیے الیکشن کمیشن اور ضلعی انتظامیہ کا بھرپور ساتھ دیں۔




