وزیر اعظم

مہاجرین نشستوں کا معاملہ یکسو ہونے تک الیکشن شیڈول کا اعلان مشکل ہے، فیصل راٹھور

وزیرِ اعظم آزاد کشمیر راجہ فیصل ممتاز راٹھور نے کہا ہے کہ ریاست میں عام انتخابات کے انعقاد سے قبل مہاجرین کی نشستوں کا معاملہ یکسو ہونا انتہائی ضروری ہے اور جب تک اس کا حتمی فیصلہ نہیں ہو جاتا، الیکشن شیڈول کا اعلان مشکل ہے۔

انہوں نے ایکشن کمیٹی پر زور دیا کہ وہ احتجاج کے بجائے مذاکرات کے ذریعے مسائل حل کرے، تاہم انہوں نے واضح کیا کہ قانون کی عملداری پر کوئی کمپرومائز نہیں کیا جائے گا۔

یہ بھی پڑھیں:تعلیمی پیکیج حکومتی نا اہلی،محسن عزیز نے وزیراعظم فیصل راٹھور کو آڑے ہاتھوں لے لیا

نیو ایجنسی صباح نیوز کے مطابق وزیراعظم فیصل ممتاز راٹھور نے سردار پیلس بنگوئیں میں سینئر صحافیوں سے گفتگو اور پروقار تقریب سے خطاب کررہے تھے۔

اس موقع پر انہوں نے ‘آزاد جموں و کشمیر یونین آف جرنلسٹس پونچھ’ اور ‘صغیر شہید پریس کلب پانیولہ’ کے نومنتخب عہدیداران سے ان کے عہدوں کا باضابطہ حلف بھی لیا۔

وزیرِ اعظم راجہ فیصل ممتاز راٹھور نے نومنتخب عہدیداران کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ صحافت ریاست کا چوتھا ستون اور معاشرے کی آنکھ اور کان ہے۔ آزاد کشمیر کے صحافیوں نے ہمیشہ عوامی مسائل کو اجاگر کرنے میں اہم کردار ادا کیا ہے۔

انہوں نے امید ظاہر کی کہ نئے عہدیداران صحافتی اقدار کے فروغ اور صحافیوں کے حقوق کے تحفظ کے لیے کام کریں گے۔ وزیرِ اعظم نے پونچھ ڈویژن میں صحافیوں کے لیے رہائشی کالونی قائم کرنے کا بھی اعلان کیا۔

تقریب کے دوران وزیرِ اعظم آزاد کشمیر اور سابق وزیرِ اعظم سردار تنویر الیاس خان نے جموں و کشمیر یونین آف جرنلسٹس پونچھ اور صغیر شہید پریس کلب پانیولہ کے لیے 5، 5 لاکھ روپے کے خصوصی فنڈز کا اعلان کیا۔

یہ بھی پڑھیں:وزیراعظم فیصل ممتاز راٹھور نے سون منجھاڑی تراڑکھل سڑک منصوبے کا سنگ بنیاد رکھ دیا

ممبر کشمیر کونسل سردار عدنان سیاب خالد نے صغیر شہید پریس کلب پانیولہ کے لیے 10 مرلہ زمین الاٹ کرنے کا اعلان کیا۔

سابق وزیرِ اعظم سردار تنویر الیاس خان نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے جمہوریت اور عوامی حقوق کے تحفظ میں آزاد صحافت کے کردار کو سراہا۔

انہوں نے پاکستان پیپلز پارٹی کی 9 ماہ کی کارکردگی کو مثالی قرار دیتے ہوئے دعویٰ کیا کہ آئندہ پانچ سال بھی پیپلز پارٹی ہی حکومت بنائے گی اور وہ اپنی شاندار کارکردگی کی بنیاد پر الیکشن میں جا کر کامیابی حاصل کریں گے۔