تنویر الیاس کا دورہ پانیولہ، 4من پھولوں کی پتیاں نچھاور ، بڑے اعلانات

راولاکوٹ/پانیولہ:سابق وزیراعظم آزاد کشمیر و سینئر رہنما پیپلز پارٹی سردار تنویر الیاس خان پانیولہ سب ڈویژن پہنچ گئے ، عوام کی جانب سے پرتپاک استقبال کیا گیا ۔

پانیولہ سب ڈویژن کی افتتاحی تقریب ایک تاریخی عوامی جلسے میں تبدیل ہو گئی جہاں ہزاروں افراد نے اپنے محبوب قائد کا پرتپاک اور فقید المثال استقبال کیا۔

خواتین، بزرگوں، نوجوانوں اور کارکنان کی بڑی تعداد سڑکوں کے دونوں اطراف موجود رہی جبکہ مختلف علاقوں سے آنے والے قافلے جلوس کی صورت میں سابق وزیراعظم کو پنڈال تک لے کر پہنچے۔ ڈھول کی تھاپ، فلک شگاف نعروں اور والہانہ استقبال نے پورے علاقے کو جشن کا منظر پیش کیا۔

یہ بھی پڑھیں:پاکستانی شاہینوں نے بھارت کے پڑخچے اڑادیئے، شرقی باغ میرا حلقہ ،یہاں سے الیکشن لڑونگا،سردار تنویر الیاس

تقریب کے دوران سابق وزیراعظم پر چار من سے زائد پھولوں کی پتیاں نچھاور کی گئیں جبکہ “جئے بھٹو، جئے بینظیر، جئے زرداری، جئے تنویر الیاس، کشمیر کی آس تنویر الیاس” کے نعروں سے فضا مسلسل گونجتی رہی۔

عوامی جوش و خروش اس قدر نمایاں تھا کہ تقریب ایک سیاسی طاقت کے عظیم الشان مظاہرے میں بدل گئی۔ سابق وزیراعظم سردار تنویر الیاس خان نے مشیر حکومت سردار احمد صغیر کے ہمراہ نے اپنے دست مبارک سے پانیولہ سب ڈویژن کا باقاعدہ افتتاح کیا۔

سابق وزیراعظم سردار تنویر الیاس نے بڑے عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ’’میں نے اہلیانِ پانیولہ سے جو وعدہ کیا تھا، اللہ تعالیٰ نے آج مجھے سرخرو کیا اور یہ حق آپ لوگوں کو مل گیا۔

پانیولہ سب ڈویژن کا قیام عوام کی دیرینہ خواہش تھی، جس کی تکمیل پر پوری عوام مبارکباد کی مستحق ہے۔ پانیولہ کے عوام نے ہمیشہ محبت دی اور وہ عوامی خدمت کے سفر کو مزید تیزی سے جاری رکھیں گے۔

انہوں نے ایلیان پانیولہ، چوہدری اسلم اور تمام مقامی قیادت و کارکنان کی کاوشوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ یہ کامیابی اجتماعی جدوجہد کا نتیجہ ہے۔

یہ بھی پڑھیں:تنویر الیاس نے وسطیٰ باغ کے بجائے نیلم سے الیکشن لڑنے کا فیصلہ کیوں کیا؟

تقریب میں مشیر حکومت سردار احمد صغیر خان، ممبر کشمیر کونسل سردار عدنان سیاب، سابق وزیر حکومت سردار عابد حسین عابد، مشیر برائے وزیراعظم سید دلاور بخاری ، چیئرمین ضلع کونسل پونچھ سردار جاوید شریف ، چیئرمین ضلع کونسل باغ پروفیسر سردار آصف، سابق امیدوار اسمبلی و صدر پیپلز پارٹی پونچھ ڈویژن سردار طاہر اکرم ، میزبان تقریب چوہدری اکرم، سینئر صحافی سید مسعود گردیزی ، سابق چیئرمین زکوٰۃ سردار زاہد شریف اور سردار افتخار رشید چغتائی سمیت سیاسی، سماجی، بلدیاتی اور عوامی حلقوں کی بڑی تعداد شریک ہوئی۔

شرکاء نے پانیولہ سب ڈویژن کے قیام کو علاقے کی ترقی، بہتر انتظامی ڈھانچے اور عوامی سہولیات کے فروغ کی جانب ایک تاریخی سنگِ میل قرار دیتے ہوئے سابق وزیراعظم کی قیادت، عوامی خدمات اور ترقیاتی وژن کو زبردست خراج تحسین پیش کیا۔

مقررین کا کہنا تھا کہ پانیولہ سب ڈویژن کا قیام اس بات کا ثبوت ہے کہ ہمیشہ عوامی مسائل کے حل اور پسماندہ علاقوں کی ترقی کو ترجیح دی۔