تنویر الیاس نے وسطیٰ باغ کے بجائے نیلم سے الیکشن لڑنے کا فیصلہ کیوں کیا؟

اسلام آباد( عامراقبال ہاشمی سے) سابق وزیراعظم و پی پی رہنما سردار تنویر الیاس خان نے نیلم سے الیکشن لڑنے کا اعلان کردیا جس کی تصدیق سابق وزیر حکومت وممبر اسمبلی جاوید بٹ نے ایک ویڈیو پیغام میں کی ہے۔

سردار تنویرالیاس نے اس سے قبل حلقہ وسطی باغ سے الیکشن لڑنے کا اعلان کیا تھا لیکن مبصرین کا خیال ہےکہ سردار قمرالزمان اور سردار ضیاء القمر ان کو حلقہ دینے کیلئے تیار نہیں ہیں جس پرانہیں نیلم سے حلقہ سے الیکشن لڑنے کا اعلان کرنا پڑا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: پیپلزپارٹی واٹس ایپ پیغام تنازعہ،سردار آفاق عادل معطل،تنویر الیاس کا معافی دینے سے انکار

سردار تنویر الیاس نے سابق الیکشن پاکستان تحریک انصاف کے ٹکٹ پرحلقہ وسطی سے الیکشن لڑکر کامیابی سمیٹی تھی لیکن ہائیکورٹ آزادکشمیر نے ایک متنازعہ تقریر کی بنا کر ان کو نااہل قرار دیدیا تھا۔

سابق وزیراعظم کا آبائی حلقہ بنگوئیں راولاکوٹ ہے جہاں سے ان کے چچاصغیر چغتائی سابق الیکشن میں امیدوار تھے لیکن الیکشن سے قبل ہی حادثے میں جاں بحق ہو گئے تھے جس کے بعد ان کی بیوہ نے الیکشن میں کامیابی حاصل کی تھی۔

اب سوال یہ پیپلزپارٹی میں شمولیت کے بعد سردار تنویر الیاس کو حلقہ تبدیل کرنے کی ضرورت کیوں پڑی ، حالانہ وہ پہلے اعلان کرچکے ہیں کہ حلقہ وسطیٰ والوں سے پیار ہے اور وسطیٰ سے ہی الیکشن لڑوں گا۔

حلقہ وسطیٰ باغ اور حلقہ شرقی باغ دونوں حلقوں سے سینئر سیاستدان سردار قمر الزمان دہائیوں سے الیکشن میں حصہ لیتے آئے ہیں ، سردار تنویر الیاس کی شمولیت پر یہ خبریں آئی تھیں کہ حلقہ وسطیٰ سے سردار تنویرالیاس جبکہ حلقہ شرقی سے سردار ضیاءالقمر الیکشن لڑیں گے ۔

یہ بھی پڑھیں: وزیراعظم فیصل راٹھور تنویر الیاس کے گھر پہنچ گئے،اہم فیصلے

یہ خبریں سرگرم تھیں کہ سردار قمرالزمان الیکشن میں حصہ نہیں لیں گے لیکن گزشتہ دنوں سردار قمرا لزمان نے اعلان کرکے سب کو حیران کردیا تھاکہ حلقہ شرقی سے میں خود الیکشن لڑوں گا۔

سردار قمر الزمان اگر شرقی باغ سے الیکشن میں حصہ لیں گے تو دوسری طرف ذرائع کے مطابق وزیر حکومت سردار ضیاءالقمر وسطیٰ حلقہ چھوڑنے کو تیار نہیں جس پر سردار تنویر الیاس نے نیلم پر نظریں جما لی ہیں۔

سردار تنویر الیاس کا انتخاب باغ اور نیلم ہی کیوں۔؟

اب سوال یہ پیدا ہو رہا ہےکہ سردار تنویر الیاس حلقہ نیلم کا انتخاب کیوں کررہے ہیں تو اس کا جواب یہ ہے کہ یہاں میاں عبدالوحید دونوں حلقوں سے پیپلزپارٹی کے امیدوارہیں اور سردار تنویر الیاس کی برادری سے بھی ہیں۔

میاں عبدالوحید حلقہ چھوڑنے پر تیاربھی ہو جائیں گے کیونکہ پہلے بھی وہ ایک حلقہ سے کامیاب ہوئے تھے اور دوسرے سے ہار گئے تھے جبکہ دوسری طرف برادری کاووٹ بینک ہونے کی وجہ سے سردار تنویر الیاس جیت بھی سکتے ہیں ۔

ذرائع کے مطابق اسی پالیسی کے تحت یہ فیصلہ کیا گیا ہے کہ سردار تنویر الیاس کو نیلم کے ایک حلقہ سے ٹکٹ دیا جائے جس پر پیپلزپارٹی کی قیادت بھی راضی ہے، سیاسی ماحول کیا بنتا ہے یہ آنیوالے دنوں میں ہی پتا چلے گا۔

Scroll to Top