نادرا آفس میں لرزہ خیز واقعہ، شوہر نے ڈیوٹی کے دوران بیوی کو قتل کر کے خودکشی کر لی

گجرات کے مقامی نادرا دفتر میں گھریلو ناچاقی کے نتیجے میں فائرنگ کا ایک ہولناک واقعہ پیش آیا ہے، جہاں ایک شخص نے اپنی اہلیہ کو قتل کرنے کے بعد اپنی زندگی کا بھی خاتمہ کر لیا۔

پولیس ذرائع کے مطابق مقتولہ عنبر اور اس کا شوہر بلال دونوں اسی نادرا آفس میں ملازمت کرتے تھے اور آج دورانِ ڈیوٹی دونوں میاں بیوی کے درمیان کسی گھریلو معاملے پر تلخ کلامی ہوئی جو دیکھتے ہی دیکھتے شدت اختیار کر گئی۔

یہ بھی پڑھیں: چیئرمین نادرا کی آزادکشمیر کی انتخابی فہرستوں میں غلطیاں درست کرنے کی یقین دہانی

پولیس کی ابتدائی تحقیقات کے مطابق بحث و تکرار کے دوران بلال نے شدید طیش میں آ کر فائرنگ کر دی، جس کے نتیجے میں اس کی بیوی عنبر موقع پر ہی جاں بحق ہو گئی۔ اپنی شریکِ حیات کو قتل کرنے کے فوراً بعد بلال نے اسی پستول سے خود کو بھی گولی مار لی جس سے اس کی موت واقع ہو گئی۔ نادرا دفتر جیسے عوامی مقام پر پیش آنے والے اس لرزہ خیز واقعے کے بعد وہاں موجود عملے اور شہریوں میں شدید خوف و ہراس پھیل گیا۔

واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس کی بھاری نفری نے نادرا آفس پہنچ کر جائے وقوعہ کو گھیرے میں لے لیا اور شواہد اکٹھے کرنا شروع کر دیے ہیں۔ پولیس حکام کا کہنا ہے کہ بظاہر یہ واقعہ گھریلو ناچاقی کا شاخسانہ معلوم ہوتا ہے، تاہم لاشوں کو پوسٹ مارٹم کے لیے منتقل کر دیا گیا ہے اور واقعے کے تمام پہلوؤں پر مزید قانونی کارروائی اور تحقیقات جاری ہیں۔

مزید پڑھیں: نادرا کی شہریوں کیلئے بڑی سہولت! اب دفاتر کے چکر ختم

Scroll to Top