چیئرمین نادرا کی آزادکشمیر کی انتخابی فہرستوں میں غلطیاں درست کرنے کی یقین دہانی

مظفرآباد: آزاد  کشمیر قانون ساز اسمبلی کے عام انتخابات 2026 کے لیے 28 اپریل2026 کو شائع کی گئی ابتدائی انتخابی فہرستوں میں مختلف نوعیت کی پائی جانے والی غلطیوں کے ازالہ کے سلسلہ میں چیف الیکشن کمشنر آزاد جموں و کشمیر جسٹس (ریٹائرڈ) غلام مصطفی مغل نے ممبر الیکشن کمیشن سید نظیر الحسن گیلانی اور سیکرٹری الیکشن کمیشن راجہ محمد شکیل خان کے ہمراہ چیئرمین نادرا سے ملاقات کی۔

ترجمان آزاد جموں و کشمیر الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری کردہ ایک پریس ریلیز کے مطابق ملاقات میں انتخابی فہرستوں میں پائی جانے والی مختلف نوعیت کی غلطیوں کا معاملہ زیر بحث آیا۔

یہ بھی پڑھیں:الیکشن کمیشن : انتخابی فہرستوں کی نظرثانی کا نیا شیڈول جاری

اس موقع پر کراس ڈسٹرکٹ ووٹرز ، ووٹوں کی غیر متعلقہ علاقوں میں منتقلی، خاندانی بنیادوں پر ووٹوں کا ایک جگہ سے ہٹ کر دوسری جگہ اندراج اور ضلع وار کمی پیشی جیسے معاملات بھی زیر بحث آئے۔

چیئرمین نادرا نے یقینی دہانی کروائی کہ نادرا بعجلت ممکنہ ووٹر فہرستوں کو درست کرے گا اور ہر ایک ووٹر کو اپنی اصل جگہ پر درج کیا جائے گا۔

اس موقع پر چیف الیکشن کمشنر آزادجموں وکشمیر جسٹس(ر) غلام مصطفی مغل نے کہا کہ کسی بھی اہل ووٹر کا نام انتخابی فہرست میں بہرصورت درج کیا جائےگا اور ہر ووٹر کا اندراج ہر صورت میں اس کے متعلقہ پولنگ اسٹیشن میں یقینی بنایا جائے گا۔

عوام کی سہولت اور انتخابی فہرستوں کی مزید درستگی کے پیش نظر انتخابی شیڈول میں توسیع کر دی گئی ہے تا کہ شہریوں کو اپنے ووٹ کے اندراج ، درستگی یا منتقلی کے لیے مکمل مواقع فراہم کیے جاسکیں۔

یہ بھی پڑھیں:آزاد کشمیر انتخابی فہرستوں پر اعتراضات کی تاریخ میں توسیع

انہوں تمام شہریوں سے اپیل کی کہ وہ مقررہ توسیعی مدت کے اندر اپنی متعلقہ ریوائزنگ اتھارٹی یا الیکشن کمیشن کے دفاتر سے رجوع کریں اور اپنے ووٹ کی تصدیق اور درستگی کو یقینی بنائیں تا کہ بعد ازاں کسی قسم کی دشواری کا سامنا نہ کرنا پڑے۔

Scroll to Top