ڈڈیال آزاد کشمیر میں خواتین پر مشتمل مبینہ چور گروہ کی جانب سے انوکھی واردات کی گئی ہے جس کی سی سی ٹی وی فوٹیج سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئی ہے۔
ذرائع کے مطاقب 12 خواتین کسٹمرز بن کر کپڑے کی دکان میں داخل ہوئیں اور دکاندار کو باتوں میں الجھا کر 18 قیمتی لیڈیز سوٹ چوری کرکے لے گئیں۔
یہ بھی پڑھیں:انوکھی واردات، زندہ شہری ، 2بیٹوں اور بیٹی کے ڈیٹھ سرٹیفکیٹ بنوا لئے گئے
سی سی ٹی وی فوٹیج میں دیکھا جا سکتا ہے کہ ایک خاتون کپڑے اٹھاکر دوسری خاتون کو دیتی ہے جو کپڑوں کیساتھ بچے کو بھی اٹھا لیتی ہے۔
اطلاعات کے مطابق خواتین دکان کے باہر سے رکشے میں سوار ہوئیں اور بعد ازاں مہران کار میں بیٹھ کر فرار ہوگئیں۔
واقعے کے بعد تاحال مبینہ گروہ کی شناخت اور تعلق کے بارے میں معلوم نہیں ہوسکا، جبکہ دکاندار کی جانب سے پولیس کو بھی اطلاع دے دی گئی ہے۔
دکاندار نے عوام سے اپیل کی ہے کہ اگر کسی کو اس گروہ یا خواتین کے بارے میں معلومات ہوں تو فوری اطلاع دے تاکہ مزید تاجروں کو نقصان سے بچایا جا سکے۔ دیگر تاجروں کو بھی مشکوک خریداروں پر نظر رکھنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
یہ بھی پڑھیں:مظفرآباد: چوری کی انوکھی واردات، نوسرباز جوڑا دکان کا کیش بکس خالی کر کے فرار
واردات کے پیچھے مقامی خواتین تھیں یا باہر سے آئی تھیں ابھی تک معلوم نہیں ہوسکا لیکن اس واردات سے سوال ضرور پیدا ہوگیا ہے کہ اگر دکاندار انہی خواتین کی تلاشی لیتا تو اس کو غلط سمجھا جاتا۔
ذرائع کے مطابق خواتین کی طرف سے واردات کے بعد دیگر دکاندار بھی الرٹ ہو گئے ہیں۔




