آٹے کے نرخوں میں مسلسل اضافہ: 20 کلو کا تھیلا 2150 روپے تک پہنچ گیا، شہری پریشان

ملک بھر میں گندم کی قیمتوں میں اچانک اور مسلسل اضافے نے خطرے کی گھنٹی بجا دی ہے۔ گندم کی فی من قیمت 4 ہزار روپے کی بلند ترین سطح تک جا پہنچی ہے، جس کے باعث آٹے کے نرخوں میں بھی نمایاں اضافہ دیکھا جا رہا ہے۔

کریانہ مرچنٹ ایسوسی ایشن کے مطابق، گندم مہنگی ہونے کے اثرات مارکیٹ پر ظاہر ہونا شروع ہو گئے ہیں۔ 20 کلو آٹے کے تھیلے کی قیمت میں 50 روپے کا اضافہ کر دیا گیا ہے۔ اس وقت فلور ملز کی جانب سے 20 کلو کا تھیلا 2100 روپے میں سپلائی کیا جا رہا ہے، جبکہ پرچون مارکیٹ میں یہی تھیلا صارفین کو 2150 روپے تک فروخت ہو رہا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: ملک میں مہنگائی کی شرح میں ہفتہ وار 4.07 فیصد اضافہ، آٹا، چینی، ایل پی جی اور دالوں کی قیمتوں میں کمی

ایسوسی ایشن نے انکشاف کیا ہے کہ ملز کی طرف سے 10 کلو آٹے کے تھیلے کی فراہمی بند کر دی گئی ہے، جس کی وجہ سے کم آمدن والے طبقے کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ مارکیٹ میں اس وقت 15 کلو آٹے کا تھیلا 1600 سے 1700 روپے کے درمیان دستیاب ہے، جو عام شہری کی قوتِ خرید سے باہر ہوتا جا رہا ہے۔

شہریوں نے بڑھتی ہوئی مہنگائی پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ پہلے ہی اشیائے خورونوش پہنچ سے دور ہیں، اب آٹے کی قیمتوں میں اضافے نے گھریلو بجٹ کو مکمل طور پر درہم برہم کر دیا ہے۔ معاشی ماہرین کا کہنا ہے کہ اگر گندم کی قیمتوں کو کنٹرول نہ کیا گیا تو آنے والے دنوں میں نان بائیوں کی جانب سے روٹی اور نان کی قیمتوں میں بھی بھاری اضافے کا قوی امکان ہے۔

مزید پڑھیں: مہنگائی کا ایک وار، ٹرانسپورٹرز نے کرایوں میں بڑے اضافے کا اعلان کردیا

Scroll to Top