مظفرآباد: آزاد جموں کشمیر الیکشن کمیشن کی جانب سے ضلع باغ کی خالی چیئرمین ضلع کونسل کی نشست پر ضمنی بلدیاتی انتخاب کا شیڈول جاری کردیا گیا۔
ضلع باغ میں چیئرمین ضلع کونسل کی خالی نشست پر ضمنی بلدیاتی انتخاب 26 نومبر کو ہوگا،چیئرمین ضلع کونسل باغ محمد آصف خان کے مستعفی ہونے کے بعد ضمنی انتخاب کا انعقاد کیا جارہا ہے ۔
یہ بھی پڑھیں:اسلام آبادہائیکورٹ:بلدیاتی الیکشن کا نوٹیفکیشن معطل ،حکم امتناعی جاری
سیکرٹری الیکشن کمیشن آزاد کشمیر ایاز بشیر نے ضمنی انتخاب کا شیڈول جاری کیا جس کے مطابق اسسٹنٹ کمشنر پونچھ محمد الطاف خان کو ریٹرننگ آفیسر مقررکیا گیا ہے۔
شیڈول کے مطابق ڈسٹرکٹ الیکشن آفیسر باغ خالد محمود اسسٹنٹ ریٹرننگ آفیسر تعینات کیا گیا اور الیکشن کمشنر بلدیات راجہ راشد محمود اپیلٹ اتھارٹی مقررکئے گئے ہیں۔
ضمنی انتخاب کے لیے کاغذات نامزدگی 17 اور 18 نومبر کو جمع کروائے جا سکیں گے،کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال 19 نومبر کو ہوگی اورکاغذات نامزدگی مسترد ہونے کے خلاف اپیلیں 20 نومبر تک دائر کی جا سکیں گی۔
شیدول کے مطابق اپیلوں کی سماعت اور فیصلے 23 نومبر کو ہوں گے، امیدواروں کی جانب سے کاغذات نامزدگی واپس لینے کی آخری تاریخ 24 نومبر مقررکی گئی ہے۔
یہ بھی پڑھیں:پونچھ:7 حلقوں میں الیکشن، ترقی وتبادلوں،منصوبوں پر پابندی عائد
الیکشن کمیشن کے مطابق امیدواروں کی حتمی فہرست 24 نومبر کو ساڑھے 12 بجے جاری کی جائے گی اور باغ کی خالی چیئرمین ضلع کونسل کی نشست پر پولنگ 26 نومبر بروز جمعرات ہوگی جو صبح 10 بجے سے دوپہر 12 بجے تک بلا تعطل جاری رہے گی۔
چیئرمین ضلع کونسل کے انتخاب کا شیڈول جاری ہونے پرسیاسی جوڑ توڑ عروج پر پہنچنے کا امکان ہے کیونکہ محمد آصف سیاسی چپلقش کی بنیاد پر اورممبران ضلع کونسلزکی جانب سے تحریک عدم اعتماد پیش کرنے پر مستعفی ہو ئے تھے۔




