وزیراعظم شہباز شریف نے “معرکۂ حق” کی کامیابی کا ایک سال مکمل ہونے پر اپنے خصوصی پیغام میں کہا ہے کہ یہ دن اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم پر شکر ادا کرنے اور قومی یکجہتی کے جذبے کو خراجِ تحسین پیش کرنے کا دن ہے ۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان نے ایک کڑے امتحان میں دشمن کو مؤثر اور بروقت جواب دے کر اپنی دفاعی صلاحیت اور برتری دنیا پر واضح کر دی ۔ وزیراعظم نے کہا کہ پوری قوم اپنے شہداء، غازیوں اور ان کے اہلِ خانہ کو سلام پیش کرتی ہے جنہوں نے وطن کے دفاع کے لیے بے مثال قربانیاں دیں ۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کی مسلح افواج نے پیشہ ورانہ مہارت، جرات اور قومی جذبے کے ساتھ ملک کو ناقابلِ تسخیر قوت کے طور پر منوایا ۔ ان کے مطابق “معرکۂ حق” اس حقیقت کا ثبوت ہے کہ پاکستانی قوم امن پسند ہے، تاہم کسی بھی بلااشتعال کارروائی کا بھرپور اور فیصلہ کن جواب دینا جانتی ہے ۔
مزید یہ بھی پڑھیں:معرکہ حق، فیلڈ مارشل،ایئرچیف مارشل،نیول چیف کی افسران، جوانوں،قوم کو مبارکباد
شہباز شریف نے کہا کہ دشمن کو ایسا سبق ملا جس سے اس کے ناقابلِ شکست ہونے کا غرور خاک میں مل گیا ۔ انہوں نے سید عاصم منیر کی جرات مندانہ قیادت کو سراہتے ہوئے انہیں زبردست خراجِ تحسین پیش کیا جبکہ پاک فضائیہ اور پاک بحریہ کی قیادت کی خدمات کو بھی قابلِ ستائش قرار دیا ۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ پاکستان اپنی سلامتی، خودمختاری اور علاقائی سالمیت کے دفاع کے لیے ہر وقت تیار اور چوکس ہے ۔ انہوں نے واضح کیا کہ ملک کو کمزور کرنے یا کسی بھی قسم کی جارحیت کی صورت میں فوری، مؤثر اور مکمل جواب دیا جائے گا ۔
مزید یہ بھی پڑھیں:معرکہ حق ایک سال مکمل، جی ایچ کیو میں جشن فتح کی تیاریاں مکمل
انہوں نے مسئلہ کشمیر کو برصغیر کی تقسیم کا نامکمل ایجنڈا قرار دیتے ہوئے کہا کہ جنوبی ایشیا میں پائیدار امن کے لیے اس مسئلے کا حل اقوامِ متحدہ کی قراردادوں اور کشمیری عوام کی خواہشات کے مطابق ناگزیر ہے ۔




