پاکستان

دشمن ناکامی کے بعد سازشوں میں مصروف، پاکستان خطے میں امن کا خواہاں ہے : رانا ثناء اللہ

فیصل آباد:وزیراعظم کے مشیر اور سینیٹر رانا ثناءاللہ نے کہا ہے کہ حالیہ قومی کامیابیوں کے بعد دنیا بھر میں پاکستان کا وقار مزید بلند ہوا ہے اور عالمی برادری، خصوصاً مسلم ممالک، پاکستان کو عزت و احترام کی نگاہ سے دیکھ رہے ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ قومی اتحاد، مضبوط قیادت اور مسلح افواج کی قربانیوں کے باعث پاکستان نے اہم کامیابیاں حاصل کیں، جن پر پوری قوم کو فخر ہے۔ اپنے آبائی علاقے فیصل آباد میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے رانا ثناء اللہ نے کہا کہ  ’’معرکۂ حق ‘‘ نے پاکستان کا سر فخر سے بلند کر دیا ہے ۔

ان کا کہنا تھا کہ پاکستان آج عالمِ اسلام میں امن، استحکام اور اتحاد کی علامت بن کر سامنے آیا ہے ۔  پوری قوم فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کو سلام پیش کرتی ہے، جبکہ ملکی دفاع کیلئے جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے شہداء اور غازی بھی قوم کے ہیرو ہیں ۔

مزید یہ بھی پڑھیں:بانی پی ٹی آئی عمران خان کو کسی دوسری جیل منتقل نہیں کیا جارہا،رانا ثناءاللہ

رانا ثنا ءاللہ نے کہا کہ دشمن اپنی ناکامی کے بعد مختلف سازشوں میں مصروف ہے اور خطے میں بدامنی پھیلانے کی کوششیں کی جا رہی ہیں ۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کے ہمسایہ ملک افغانستان کو بھی گمراہ کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے، تاہم پاکستان خطے میں امن اور بہتر تعلقات کا خواہاں ہے ۔

انہوں نے قانون نافذ کرنے والے اداروں کی خدمات کو بھی سراہتے ہوئے کہا کہ ملک کے امن و امان کے قیام میں سکیورٹی فورسز اور اداروں کا کردار قابل تحسین ہے ۔ ان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم، فیلڈ مارشل سید عاصم منیر اور نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے سفارتی محاذ پر بہترین حکمت عملی اپنائی، جس کے مثبت نتائج سامنے آئے ۔

مزید یہ بھی پڑھیں:مزید دہشتگردی برداشت نہیں، دہشتگردی کا واحد حل صرف فوجی آپریشن ہے، رانا ثنااللہ

انہوں نے اس اُمید کا اظہار کیا کہ جس اتحاد اور یکجہتی کے ساتھ قوم نے قومی چیلنجز کا مقابلہ کیا ، اسی جذبے کے تحت معاشی مسائل پر بھی قابو پایا جائے گا ۔ رانا ثناء اللہ کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان کو درپیش اقتصادی مشکلات کے حل کے لیے قومی اتحاد، سیاسی استحکام اور مشترکہ کوششیں ناگزیر ہیں ۔

Scroll to Top