وزیراعظم فیصل راٹھور سے زاہد حسین بخاری کی ملاقات، پیر علی رضا بخاری کی سادات فنڈز کے حوالے سے جدوجہد پربریفنگ

مظفرآباد(کشمیر ڈیجیٹل)صدر تنظیم السادات سید زاہد حسین بخاری نے تنظیم کے وفد کے ہمراہ وزیرِ اعظم آزاد جموں و کشمیر راجہ فیصل ممتاز راٹھور سے اہم ملاقات کی۔

ملاقات میں سابق ممبر قانون ساز اسمبلی و سجادہ نشین درگاہ بساہاں شریف پیر سید محمد علی رضا بخاری کی جانب سے غریب، نادار اور مستحق ساداتِ کرام کی مالی معاونت کیلئے شروع کی گئی تاریخی اور فلاحی جدوجہد پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔

وفد نے وزیرِ اعظم کو آگاہ کیا کہ پیر علی رضا بخاری نے بتاریخ 2020 میں “Ahle Bait Assistance & Benevolent Fund Act 2020” کی صورت میں ایک مؤثر، منظم اور دیرپا فلاحی نظام کی بنیاد رکھی، جس کا مقصد آزاد کشمیر میں مستحق ساداتِ کرام کی مالی معاونت اور فلاح و بہبود کو یقینی بنانا ہے۔

یہ قانون دراصل اس وقت کے ممبر قانون سازاسمبلی آزادکشمیر پیر علی رضا بخاری کی دینی، سماجی اور خاندانی خدمتِ اہلِ بیتؑ کے جذبے کا عملی اظہار ہے جسے ساداتِ کرام قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔

صدر تنظیم السادات سید زاہد بخاری نے وزیرِ اعظم سے گزارش کی کہ اس اہم اور عوامی فلاح کے منصوبے کی باقی ماندہ قانون سازی جلد مکمل کرتے ہوئے رولز اور باقاعدہ میکنزم نافذ کیا جائے تاکہ غریب و نادار ساداتِ کرام کو عملی ریلیف فراہم ہو سکے۔

وزیرِ اعظم راجہ فیصل ممتاز راٹھور نے وفد کو یقین دہانی کروائی کہ اس اہم ایکٹ کی تکمیل، قواعد و ضوابط کی منظوری اور مؤثر نفاذ کیلئے فوری اور سنجیدہ اقدامات اٹھائے جائیں گے تاکہ مستحق ساداتِ کرام کو جلد از جلد اس فلاحی منصوبے سے فائدہ پہنچ سکے۔

Scroll to Top