پیٹرول پمپ مالکان نے وزیراعظم پاکستان شہبازشریف کو خط لکھ دیا

اسلام آباد(کشمیر ڈیجٹیل )پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں بار بار ردوبدل نے پٹرول پمپ مالکان کی مشکلات بڑھا دیں، آل پاکستان پٹرول پمپ اونرز ایسوسی ایشن نے وزیراعظم محمد شہباز شریف سے قیمتوں کے تعین کا موجودہ طریقہ کار تبدیل کرکے ماہانہ بنیادوں پر قیمتیں مقرر کرنے کا مطالبہ کر دیا۔

پٹرول پمپ مالکان کی جانب سے وزیراعظم کو ارسال کیے گئے خط میں کہا گیا ہے کہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں روزانہ تبدیلی کے باعث کاروباری سرگرمیاں شدید متاثر ہو رہی ہیں جبکہ پمپ مالکان کو بھاری مالی نقصانات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔
خط میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ قیمتوں میں مسلسل اتار چڑھاؤ کے باعث کاروباری منصوبہ بندی، پٹرولیم مصنوعات کے ذخیرے اور اسٹاک مینجمنٹ میں مشکلات پیدا ہو رہی ہیں۔ خصوصاً جب حکومت کی جانب سے قیمتوں میں کمی کی جاتی ہے تو پمپ مالکان کو مہنگے داموں خریدا گیا پٹرول کم قیمت پر فروخت کرنا پڑتا ہے، جس سے انہیں براہ راست مالی نقصان اٹھانا پڑتا ہے۔

ایسوسی ایشن نے وزیراعظم سے مطالبہ کیا ہے کہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں روزانہ ردوبدل کے بجائے ماہانہ بنیادوں پر نظرثانی کا نظام متعارف کرایا جائے تاکہ پٹرول پمپ مالکان کو کاروباری استحکام حاصل ہو اور غیر ضروری مالی نقصانات سے بچا جا سکے۔
آل پاکستان پٹرول پمپ اونرز ایسوسی ایشن کے وائس چیئرمین نعمان علی بٹ نے بھی وزیراعظم شہباز شریف سے معاملے کا فوری نوٹس لینے کی اپیل کرتے ہوئے کہا ہے کہ روزانہ قیمتوں میں تبدیلی کے موجودہ طریقہ کار پر نظرثانی ناگزیر ہو چکی ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ ماہانہ بنیادوں پر قیمتوں کے تعین کا نظام پمپ مالکان کے لیے کاروباری مشکلات کم کرنے میں مددگار ثابت ہوگا۔