اسلام آباد(کشمیر ڈیجیٹل) پاکستان پیپلز پارٹی آزاد کشمیر اور جمعیت علمائے اسلام(ف) کے اعلی سطحی وفد کے مابین اہم ملاقات ، الیکشن سے قبل باہمی انتخابی اتحاد کے ساتھ جدوجہد کے آغاز کا اعلان کیا گیا ۔
پلندری اور دھیرکوٹ میں پیپلز پارٹی آزادجموں و کشمیر جمعیت علماء اسلام (ف) کے امیدواروں کی حمایت کرے گی جبکہ باقی تمام حلقوں میں جمعیت علماء اسلام(ف) پیپلز پارٹی آزاد جموں و کشمیر کے امیدواروں کی حمایت کرے گی
مزید یہ بھی پڑھیں:سابق وزیراعظم نوازشریف کا آزادکشمیر الیکشن میں خود اترنے کا فیصلہ
ملاقات میں وزیراعظم آزاد کشمیر راجہ فیصل ممتاز راٹھور ،سابق وزیراعظم آزاد کشمیر و سینئر رہنما پاکستان پیپلز پارٹی سردار تنویر الیاس خان ، صدر پاکستان پیپلز پارٹی آزاد کشمیر چوہدری محمد یٰسین شریک تھے۔

وزیر حکومت نبیلہ ایوب ،سابق وزیر حکومت جاوید بٹ اور وزیراعظم کے پولیٹیکل اسسٹنٹ سید عزادار حسین کاظمی اور راحیل ملک نے شرکت کی
جے ہو آئی (ف) کے وفد کی قیادت جمعیت علماء اسلام ( ف ) آزادکشمیر کے صدر مولانا سعید یوسف نے کی اس موقع پر مولانا امتیاز عباسی، مولانا ادریس،صاحبزادہ حماد سعید اور سردار امجد حسین بھی موجود تھے ۔
وزیراعظم آزاد جموں و کشمیر فیصل ممتاز راٹھور نے کہا کہ جے یو آئی(ف) نے ہمیشہ جمہوری رواداری کے لیے کردار ادا کیا ہے ،
مزید یہ بھی پڑھیں:پیپلزپارٹی آزادکشمیرکی بڑی وکٹ گرگئی، چوہدری رشید مسلم لیگ ن میں شامل
مولانا فضل الرحمن اعلیٰ پائے کے ایسے رہنماء ہیں جن کی سیاسی بصیرت اور دور اندیشی کو سراہتے ہیں ۔
مولانا سعید یوسف کی جمہوری خدمات اور خطے میں ان کی دینی خدمات قابل قدر ہیں ۔ پیپلز پارٹی اور جے یو آئی(ف) کے درمیان اتحاد قائم ہو چکا ہے
جس کا باضابطہ اعلان جلد چیئرمین پی پی پی بلاول بھٹو زرداری کی آمد پر کر دیا جائے گا ۔ وزیراعظم آزاد کشمیر نے وفد کا شکریہ ادا کرتے ہوئے اس اتحاد کو عوامی مفاد اور سیاسی استحکام کے لیے اہم قرار دیا۔
اس موقع پر سابق وزیراعظم آزاد کشمیر سردار تنویر الیاس خان گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ مولانا سعید یوسف کے ساتھ ان کے دیرینہ خاندانی تعلقات ہیں
ان کی ہمیشہ خواہش رہی کہ جے یو آئی(ف) اور پیپلز پارٹی آزادجموں و کشمیر ایک پلیٹ فارم پر متحد ہوں۔ دونوں جماعتیں پارلیمانی سیاست میں اہم کردار ادا کر رہی ہیں۔
مزید یہ بھی پڑھیں:معرکہ حق ، آزادکشمیر بھر میں جشن فتح کی تقریبات جاری، ریلیاں، پاک فوج کو خراج تحسین پیش
جے یو آئی(ف) نے ہمیشہ جمہوری رواداری کے فروغ کے لیے کام کیا ہے۔یہ اتحاد دونوں جماعتوں کے لیے خوش آئند اور خطے کی سیاست میں مثبت تبدیلی کا باعث بنے گا۔
صدر پاکستان پیپلز پارٹی آزاد جموں و کشمیر چوہدری محمد یاسین نے کہا کہ جے یو آئی (ف ) آزاد کشمیر اور پیپلز پارٹی کے درمیان ہمیشہ خوشگوار اور اصولی تعلقات قائم رہے ہیں۔
چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے ہمیشہ جمہوری اور اصولی اتحاد کی سیاست کو فروغ دیا ہے ، انہوں نے کہا کہ الیکشن 2026 میں دونوں جماعتیں مل کر آئندہ حکومت سازی میں اہم کردار ادا کریں گی۔
صدر جمعیت علمائے اسلام ( ف) آزاد کشمیر مولانا سعید یوسف نے کہا کہ اتحاد میں ہی طاقت ہے اور اجتماعی جدوجہد کے ذریعے عوام کی فلاح و بہبود کو یقینی بنایا جا سکتا ہے۔
آزاد جموں و کشمیر بھر خاص کر پلندری اور دھیر کوٹ میں اتحاد کے ذریعے عوامی حمایت کو مزید مضبوط بنایا جائے گا اور ایک مستحکم حکومت کے قیام کے لیے مشترکہ کوششیں جاری رہیں گی۔
انہوں نے بلاول بھٹو زرداری، فریال تالپور، چوہدری محمد ریاض سمیت تمام رہنماؤں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ سیاسی قوتوں کے اتحاد سے خطے میں ترقی اور استحکام کے نئے امکانات پیدا ہوں گے۔الیکشن 2026 میں مل کر جدوجہد کریں گے ، انشاء اللہ کامیابی ہمارا مقدر بنے گی




