مظفرآباد:پاکستان تحریک انصاف آزادکشمیر کے سینئر رہنما فاروق اشرف اعوان نے اپنے ساتھیوں اور خاندان سمیت مسلم لیگ (ن) میں شمولیت کا اعلان کردیا۔
فاروق اشرف اعوان کی شمولیت پر مظفرآباد میں صدر پاکستان مسلم لیگ (ن) آزاد کشمیر و قائد حزب اختلاف قانون ساز اسمبلی شاہ غلام قادر، سابق وزیر اعظم راجہ محمد فاروق حیدر خان اور سابق وزیر و امیدوار اسمبلی مظفرآباد بیرسٹر افتخار گیلانی نے اہم پریس کانفرنس کی۔
یہ بھی پڑھیں: گلگت بلتستان الیکشن،ن لیگ کے درجن سے زائد امیدواروں کے ٹکٹ فائنل
اس موقع پر مسلم لیگ (ن) کے رہنمائوں نے فاروق اشرف اعوان کو خوش آمدید کہا اور 9 مئی کو آزاد کشمیر بھر میں افواجِ پاکستان سے اظہارِ یکجہتی کیلئے ریلیاں نکالنے کا اعلان کیا۔
شاہ غلام قادر نے کہا کہ افواجِ پاکستان ہمارے ماتھے کا جھومر، لائن آف کنٹرول اور آزاد کشمیر پہلی دفاعی لائن ہیں۔ دشمن کے مکروہ عزائم کو خاک میں ملانے کے لیے ہم اپنی فوج کے شانہ بشانہ ہیں۔
آزاد کشمیر کا ایک الگ تشخص ہے جسے ہر صورت بحال رکھا جائے گا۔ آزاد کشمیر کے اسٹیٹس کو اگر کسی نے چھیڑنے کی کوشش کی تو اس کی کوشش ناکام بنا دی جائے گی۔
انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) عوامی، فلاحی منشور لے کر میدان میں اتر رہی ہے، آئندہ حکومت ہماری ہو گی کیونکہ پاکستان اور آزاد کشمیر میں ہم نے ہمیشہ سب سے زیادہ اور ریکارڈ ترقیاتی کام کروائے۔
راجہ فاروق حیدر کی قیادت میں مسلم لیگ (ن) کی حکومت نے تعمیر و ترقی کے ساتھ تیرہویں آئینی ترمیم کے ذریعے آزاد کشمیر کو بااختیار اور باوقار بنایا۔
اس موقع پر راجہ محمد فاروق حیدر خان نے کہا کہ منشور کمیٹی نے آزاد کشمیر کے انتخابات سے قبل منشور تیار کر لیا ہے جو جلد عوام کے ہاتھوں میں ہو گا۔
یہ بھی پڑھیں: مسلم لیگ ن آزادکشمیر اور جمعیت اہل حدیث کے مابین انتخابی حکمت عملی طے پا گئی
آزاد کشمیر میں صرف مسلم لیگ (ن) ہی ایسی جماعت ہے جس نے ریکارڈ ترقیاتی کام کیے اگر ہمارے دور کے ترقیاتی کام نکال دیئے جائیں تو ان 78 سالوں میں باقی آپ کو کوئی تعمیر و ترقی نظر نہیں آئے گی۔
فیلڈ مارشل جنرل سید عاصم منیر نے ثابت کیا کہ پاک فوج ایک ناقابلِ تسخیر قوت ہے۔
اس موقع پر فاروق اشرف اعوان کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف نے اداروں کے خلاف جو بیانیہ بنایا تھا وہ میرے ضمیر پر بوجھ تھا اور میری زندگی کی سب سے بڑی غلطی تھی۔ آج پاکستان کی خالق اور کشمیریوں کی حقیقی محب جماعت پاکستان مسلم لیگ (ن) میں باضابطہ شمولیت کا اعلان کر رہا ہوں۔




