مظفرآباد:سپریم کورٹ آزاد جموں و کشمیر کے فل کورٹ نے ممبر اسمبلی سردار میر اکبر خان بنام سردار قمر زمان اور سردار قمر زمان بنام سردار میر اکبر خان اپیل ہا جنہیں یکجا کر دیا گیا تھا کی باقاعدہ سماعت روزانہ کی بنیادوں پر شروع کر دی ہے۔
فل کورٹ بینچ کی سربراہی جسٹس راجہ سعید اکرم خان کر رہے ہیںجبکہ بینچ میں جسٹس رضا علی خان اور جسٹس خالد یوسف چوہدری شامل ہیں۔
یہ بھی پڑھیں:میراکبر کو عزت دی مگر انوارالحق کیساتھ ملکر سازشیں کرتا رہا،سردار تنویر الیاس
منگل کو سماعت کے دوران سردار میر اکبر خان کی جانب سے ان کے وکیل عبدالرشید عباسی نے تفصیلی دلائل دیئے جبکہ آئندہ سماعت پر راجہ گل مجید خان اپنے دلائل پیش کریں گے۔
دوسری جانب سردار قمر زمان کی نمائندگی معروف قانون دان راجہ سجاد خان، راجہ شفاعت خان اور بیرسٹر ہمایوں نواز کر رہے ہیں۔
واضح رہے کہ الیکشن ٹربیونل آزاد کشمیر نے قبل ازیں سردار میر اکبر خان کے انتخابات کو کالعدم قرار دے دیا تھا جس کے خلاف انہوں نے عدالتِ عظمیٰ میں اپیل دائر کی۔
سپریم کورٹ نے اپیل کو سماعت کے لیے منظور کرتے ہوئے الیکشن ٹربیونل کے فیصلے کو معطل کر دیا تھا اور حکمِ امتناعی بھی جاری کر رکھا ہے۔
منگل سے ان اپیلوں کی باقاعدہ اور روزانہ کی بنیاد پر سماعت کا آغاز ہو چکا ہے، جس میں فریقین کے وکلاء اپنے دلائل مرحلہ وار پیش کریں گے۔
یہ بھی پڑھیں:فیلڈ مارشل ریڈ لائن، شوکت نواز میر اخلاقی انحطاط کا شکارہے، سردار قمرالزمان خان
یہ مقدمہ آزاد کشمیر کی سیاسی و قانونی حلقوں میں غیر معمولی اہمیت اختیار کر چکا ہے، اور آئندہ سماعتوں میں اہم پیش رفت متوقع ہے۔
شرقی باغ کے حلقہ میں سردار میر اکبر خان اور سردارقمرالزمان خان کاٹف مقابلہ ہوا تھا اور الیکشن کے دن کچھ پولنگ سٹیشنز پربیلٹ باکس جلا دیئے گئے تھے دوبارہ پولنگ پر سردار میر اکبر 400ووٹوں سے جیتے تھے جس پر سردار قمر نے دھاندلی کا الزام لگایا تھا۔




