گلگت بلتستان کے آئندہ عام انتخابات کے حوالے سے پاکستان مسلم لیگ (ن) نے ٹکٹوں کی تقسیم کا اہم مرحلہ مکمل کر لیا ہے۔
ذرائع کے مطابق پارٹی قائد نواز شریف نے امیدواروں کی حتمی فہرست تیار کرکے وفاقی وزیر امیر مقام کو بھجوا دی ہے، جس کے بعد باقاعدہ اعلان اسلام آباد میں ایک مشترکہ پریس کانفرنس کے ذریعے متوقع ہے۔
یہ بھی پڑھیں:گلگت بلتستان الیکشن :پولنگ 7 جون کو ہوگی،چیف الیکشن کمشنر شہبازخان
پارٹی کی جانب سے جن حلقوں میں ٹکٹ فائنل کیے گئے ہیں، ان میں گلگت حلقہ نمبر 2سے حافظ حفیظ الرحمان، سکردو حلقہ 1سے حاجی محمد اکبر تابان اور سکردو حلقہ 2سے کاچو امتیاز حیدر خان شامل ہیں۔
اسی طرح شگر سے طاہر شگر ی اور کھرمنگ سے سید محسن علی رضوی کو بھی پارٹی ٹکٹ کے لیے فائنل کیا گیا ہے استور حلقہ ایک سے فرمان علی کو نامزد کیا گیا ہے جبکہ دیامر کے مختلف حلقوں میں بھی امیدواروں کو حتمی شکل دے دی گئی ہے۔
ذرائع کے مطابق دیامر حلقہ ایک سے انجینئر عبد الواجد، حلقہ دو سے انجینئر محمد انور ،حلقہ تین سے ڈاکٹر محمد زمان اور حلقہ چار سے ملک ایڈووکیٹ کفایت علی پارٹی کے امیدوار ہوں گے۔
گانچھے سے ابراہیم ثنائی کا نام بھی فائنل کر لیا گیا ہے، جبکہ غذر حلقہ ایک سے ظفر شاہ اور حلقہ تین سے غلام محمد کو ٹکٹ جاری کیا گیا ہےتاہم چند اہم حلقوں میں تاحال پارٹی کے اندر مشاورت کا عمل جاری ہے۔
ہنزہ حلقہ6، نگر کے دونوں حلقے، غذر حلقہ ایک، استور حلقہ 2اور گلگت حلقہ 1میں امیدواروں کے درمیان ٹکٹ فائنل نہیں ہو سکا، جس کے باعث ان حلقوں میں مقابلہ مزید دلچسپ ہونے کا امکان ہے۔
یہ بھی پڑھیں:سپیکر گلگت بلتستان نذیر احمد ایڈووکیٹ کا پیپلز پارٹی میں شمولیت کا اعلان
سیاسی مبصرین کے مطابق مسلم لیگ (ن) کی جانب سے ٹکٹوں کی تقسیم کا عمل مکمل ہونا انتخابی مہم کے باقاعدہ آغاز کا عندیہ ہے اور آئندہ دنوں میں دیگر جماعتوں کی جانب سے بھی اپنے امیدواروں کے حتمی نام سامنے آنے کی توقع ہے، جس کے بعد گلگت بلتستان میں انتخابی سرگرمیاں مزید تیز ہو جائیں گی۔
یاد رہے کہ گلگت بلتستان کی اسمبلی کی 24نشستوں پر 7جون کو پولنگ ہوگی جس کی تیاریاں مکمل کر لی گئی ہیں، پیپلزپارٹی نے بھی ابھی امیداروں کا اعلان نہیں کیا جبکہ استحکام پاکستان پارٹی نے کچھ حلقوں میں امیدوار نامزد کردیئے ہیں۔




