کوٹلی (کشمیر ڈیجیٹل) وزیراعظم آزاد حکومت ریاست جموں و کشمیر فیصل ممتاز راٹھور نے اپنے دورہ کوٹلی کے دوسرے روز وزیر ہائر ایجوکیشن ظفر اقبال ملک کی دعوت پر راج محل کا دورہ کیا ۔
اس موقع پر تھلہیر کالونی پل پر وزیراعظم کا غیر معمولی اور پُرتپاک استقبال کیا گیا، جہاں بڑی تعداد میں شہری موجود تھے ۔ عوام نے جگہ جگہ وزیراعظم پر پھولوں کی پتیاں نچھاور کیں جبکہ فضا فلک شگاف نعروں سے گونجتی رہی ۔
مختلف مقامات خصوصاً تھلہیر، ریاں اور دیگر علاقوں میں استقبالیہ تقاریب کا انعقاد بھی کیا گیا۔ پھگواڑی میں بھی عوام اور کارکنان نے ڈھول کی تھاپ پر رقص کرتے ہوئے وزیراعظم کا پُرجوش خیرمقدم کیا ۔
مزید یہ بھی پڑھیں:پاکستان پیپلز پارٹی کا منشور کسان کو خوشحال بنانا ہے،وزیراعظم فیصل ممتاز راٹھور
شہریوں نے وزیراعظم آزاد کشمیر کے صحت عامہ اور تعلیم کے شعبوں میں کیے گئے اقدامات اور خصوصی پیکجز کو سراہتے ہوئے ان کی کارکردگی کو خراج تحسین پیش کیا ۔ پورے خطے کی طرح راج محل میں بھی حکومتی عوام دوست پالیسیوں کو بھرپور پذیرائی حاصل ہوئی ۔
وزیراعظم کے استقبال کیلئے سڑکوں پر گاڑیوں کی طویل قطاریں دیکھی گئیں، جبکہ نوجوان کارکنان، سیاسی و سماجی رہنما، بلدیاتی نمائندگان، پی ایس ایف، پی وائی او اور سول سوسائٹی کے ارکان بڑی تعداد میں موجود رہے ۔
تھلہیر کالونی پل پر عوامی جوش و خروش عروج پر تھا جہاں کارکنان نے “شہید بی بی زندہ باد”، “شہید بھٹو زندہ باد” اور“وزیراعظم آزاد کشمیر زندہ باد” کے نعرے بلند کیے اور اپنے قائد سے والہانہ محبت کا اظہار کیا ۔
مزید یہ بھی پڑھیں:صحافت اور سیاست لازم و ملزوم ہیں، اخبارات کے مسائل حل کریں گے: وزیراعظم فیصل ممتاز راٹھور
اس موقع پر پاکستان پیپلز پارٹی آزاد کشمیر کے صدر چوہدری محمد یاسین بھی وزیراعظم کے ہمراہ موجود تھے جبکہ حکومت کے وزراء جاوید اقبال بڈھانوی، قاسم مجید، چوہدری اخلاق، پیپلز پارٹی رہنما ولید انقلابی، سردار آفتاب انجم اور دیگر شخصیات بھی اس دورے میں شریک تھیں ۔




