پاکستان پیپلز پارٹی نے تنظیم اور پارٹی آئین کی پاسداری نہ کرنے پر سخت موقوف اختیار کرتے ہوئے آزاد کشمیر کے مقامی رہنما سید شجاعت علی کاظمی کی بنیادی رکنیت منسوخ کر دی ہے۔
ذرائع کے مطابق سید شجاعت علی کاظمی مظفرآباد سے پاکستان پیپلز پارٹی کے باضابطہ نامزد امیدوار کے مدمقابل آزاد حیثیت میں بطور امیدوار الیکشن لڑ رہے تھے۔ پارٹی فیصلوں سے اس کھلی انحراف اور تنظیمی نظم و ضبط کی شدید خلاف ورزی ثابت ہونے پر قیادت نے ان کی رکنیت ختم کرنے کا حتمی فیصلہ کیا۔
یہ بھی پڑھیں: الیکشن بے ضابطگیاں،پیپلزپارٹی کا الیکشن کمیشن سے فوری مداخلت کا مطالبہ
“آئین اور اصولوں پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا”، پارٹی قیادت:
پیپلز پارٹی کی مرکزی قیادت کی جانب سے جاری بیان میں واضح کیا گیا ہے کہ سید شجاعت علی کاظمی کی بنیادی رکنیت کی منسوخی کا یہ فیصلہ فوری طور پر نافذ العمل ہو گا۔
قیادت کا مزید کہنا تھا کہ پارٹی کے آئین، اصولوں اور جمہوری نظم و ضبط کو ہر صورت یقینی بنایا جائے گا، اور جو بھی رہنما یا کارکن پارٹی پالیسی سے انحراف کرے گا اس کے خلاف بغیر کسی رعایت کے سخت قانونی و تنظیمی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔




