اسلام آباد: آزاد جموں و کشمیر کے وزیراعظم فیصل ممتاز راٹھور نے کہا ہے کہ صحافت اور سیاست لازم و ملزوم ہیں۔ صحافت عوام کے مسائل کو اجاگر کرتی ہے جبکہ سیاست ان مسائل کو حل کرنے کی ذمہ داری ادا کرتی ہے۔ اخبارات کو درپیش حقیقی مسائل کے حل کے لیے حکومت اپنی تمام توانائیاں بروئے کار لائے گی۔
وزیراعظم نے سردار زاہد تبسم کو 24 سالہ صحافتی سفر مکمل کرنے پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ اخبار اب اپنی جوانی کے جوبن میں داخل ہو چکا ہے اور امید ہے کہ یہ اسی جذبے کے ساتھ تحریکِ آزادی کشمیر کو اجاگر کرتا رہے گا جس طرح ہمارے اخبارات یہ اہم قومی فریضہ انجام دے رہے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: گل حسن وزیر اعظم فیصل ممتاز راٹھور کے کنسلٹنٹ مقرر ، نوٹیفکیشن جاری
وزیراعظم نے ان خیالات کا اظہار روزنامہ کشمیر ایکسپریس کی 24ویں سالگرہ کے موقع پر کیک کاٹنے کے بعد صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر چیف ایڈیٹر کشمیر ایکسپریس و چیف ایگزیکٹو کشمیر ایکسپریس ڈیجیٹل سردار زاہد تبسم، ایڈیٹر کشمیر ایکسپریس محترمہ شمیم اشرف، وزیراعظم کے پولیٹیکل اسسٹنٹ سید عزادار حسین کاظمی، مشیر حکومت زاہد مغل، پریس سیکرٹری آصف علی راٹھور، وزیراعظم کے کوآرڈینیٹر سید آفتاب گیلانی، معروف بزنس مین اشفاق مغل برطانیہ، احمد مغل، زاہد مغل، وقاص مغل، یوسف زاہد، سمیت سینئر صحافیوں اور کشمیر جرنلسٹس فورم کے ممبران اور روزنامے کی ٹیم موجود تھی۔
وزیراعظم نے کہا کہ آزاد کشمیر میں صحافت نے ہمیشہ عوامی مسائل کو اجاگر کرنے اور تحریکِ آزادی کشمیر کی آواز کو دنیا تک پہنچانے میں اہم کردار ادا کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ذمہ دار صحافت کسی بھی معاشرے کی ترقی اور جمہوریت کے استحکام کے لیے ناگزیر ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ حکومت آزاد کشمیر صحافیوں کے مسائل کے حل، میڈیا کے فروغ اور اطلاعات تک رسائی کو بہتر بنانے کے لیے اقدامات کر رہی ہے۔ صحافی معاشرے کی آنکھ اور کان ہوتے ہیں اور ان کی پیشہ ورانہ خدمات کو قدر کی نگاہ سے دیکھا جاتا ہے۔
مزید پڑھیں: ایڈہاک ملازمین کے مستقبل کا فیصلہ کرکے جائیں گے، وزیراعظم فیصل راٹھور کا اعلان
وزیراعظم نے اس بات پر زور دیا کہ کشمیر ایکسپریس نے گزشتہ 24 برسوں میں نہ صرف آزاد کشمیر بلکہ مقبوضہ کشمیر کے عوام کی آواز کو بھی موثر انداز میں اجاگر کیا ہے۔ ایسے اخبارات اور صحافی دراصل تحریکِ آزادی کشمیر کے سفیر کا کردار ادا کر رہے ہیں۔ انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ کشمیر ایکسپریس آئندہ بھی قومی، ملی اور کشمیر کاز کے حوالے سے اپنا مثبت اور موثر کردار جاری رکھے گا اور صحافت کے اعلیٰ اصولوں کو برقرار رکھتے ہوئے عوام کی درست رہنمائی کرتا رہے گا۔




