مظفرآباد( کشمیر ڈیجیٹل) وزیراعظم آزاد کشمیر فیصل ممتاز راٹھور نے محکمہ زراعت، لائیو سٹاک، آبپاشی و اسماء کے زیر اہتمام منعقدہ زرعی کانفرنس 2026 میں بطور مہمان خصوصی شرکت کی ۔
اس موقع پر وزیراعظم آزاد کشمیر فیصل ممتاز راٹھور نے کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کانفرنس کوئی روایتی کانفرنس نہیں ہے، زرعی کانفرنس کے انعقاد کا مقصد آزاد کشمیر میں زرعی پوٹینشل کو مد نظر رکھتے ہوئے تمام سٹیک ہولڈرز کی مشاورت سے مستقبل کیلئے جدیدخطوط کو استوار کرتے ہوئے خطے کے زرعی شعبے کی ترقی کیلئے مضبوط بنیاد فراہم کرنا ہے ۔
پاکستان پیپلز پارٹی کا منشور کسان کو خوشحال بنانا ہے، زرعی کانفرنس کے نتیجے میں ماہرین و دیگر سٹیک ہولڈرز کی سفارشات کی روشنی میں زرعی پالیسی کی کابینہ سے منظوری لیں گے جس سے مستقبل میں مثبت اثرات مرتب ہوں گے۔ روایتی حکمرانوں کے برعکس ذاتی مفاد کے بجائے عوامی مفاد کو مقدم رکھا ہے ۔
آج ریاست کے وزیراعظم نے ایسے وقت میں جب انتخابات سر پر ہیں باقی کام چھوڑ کر 6 گھنٹے زرعی کانفرنس میں مکمل انہماک کیساتھ شریک ہو کر اپنی عوام دوست ترجیحات کا واضح طور پر اعلان کیا ہے اور تمام سٹیک ہولڈرز کو روڈمیپ بنانے کیلئے متحرک کیا ہے ۔
کانفرنس میں شریک کشمیری نژاد فرانسیسی بزنس مین امجد عزیز مالوی کی کامیابی کی کہانی اس بات کا واضح ثبوت ہے کہ کس طرح ایک شخص دیار غیر میں خالی ہاتھ اترتا ہے اور پھر ان تھک محنت کرکے اپنے خوابوں کو پورا کرتا ہے یقیناً یہ ہمارے نوجوانوں کیلئے مشعل راہ ہے ۔
مزید یہ بھی پڑھیں:صحافت اور سیاست لازم و ملزوم ہیں، اخبارات کے مسائل حل کریں گے: وزیراعظم فیصل ممتاز راٹھور
نوجوان سرکاری نوکری کی تلاش کے بجائے کاروبار اور فنی مہارت کو ترجیح دیں اورخودانحصاری پر اپنی توجہ مرکوز کریں ۔ انہوں نے کہا کہ دنیا زراعت کے شعبے میں جس تیز رفتاری سے ترقی کر رہی ہے اس کی آگاہی ہمیں آج کانفرنس میں ہوئی کہ کس طرح دنیا میں میکنائزڈ فارمنگ کا رجحان آیا ہے اور پھر ہمیں پتہ چلا کہ میکنائزڈ فارمنگ ڈیجیٹل ہو گئی ہے اور اگلے لمحے پتہ چلا بائیو ٹیکنالوجی کا رجحان آ گیا ہے ۔
نئے رجحانات کو اپنانا ہو گا، زرعی اجناس کی پیداوار کو بڑھانے کے نئے طریقے اپنانے ہوں گے۔ وزیراعظم آزاد کشمیر فیصل ممتاز راٹھور نے بھارت کی جانب سے پہلگام فالس فلیگ آپریشن پر اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ ایک سال قبل آج ہی کے دن ہندوستان نے فالس فلیگ آپریشن کی آڑ میں پاکستان پر جنگ مسلط کی جس میں ہندوستان کو منہ کی کھانی پڑی ۔
انہوں نے کہا کہ فیلڈ مارشل جنرل سید عاصم منیر کی قیادت میں پاک فوج نے معرکہ حق کی کامیابی سے بھارت کو ذلت آمیز شکست سے دوچار کیا اور پاکستان کا نام دنیا میں روشن کیا۔ وزیراعظم نے کہا کہ لیڈرشپ کا ویژن بڑا ہونا چاہیے بطور سیاسی کارکن ہمیشہ قوم کے وسیع تر مفاد کو ذاتی مفاد پر مقدم رکھا ہے، زراعت کے سیکٹر کی ترقی کیلئے ہم سب کو اجتماعی طور پر اور انفرادی طور پر کوشش کرنے کی ضرورت ہے ۔
انہوں نے کہا کہ اگرچہ زرعی کانفرنس کے فوری فوائد نہ نظر آئیں البتہ آنے والے سالوں میں اس کے خطے اور عوام کی معاشی استحکام پر مثبت نتائج برآمد ہوں گے۔ وزیراعظم فیصل ممتاز راٹھور نے کہا کہ کسی بھی کام کو کرنے کیلئے ہماری سوچ سب سے اہم ہوتی ہے، جب ارادے پکے ہوں اور نیت صاف ہو کام ہو جاتے ہیں، حکومت نے اوورسیز کنونشن کے ذریعے اوورسیز کشمیریز کے مسائل حل کئے ۔
انہوں نے کہا کہ حکومتوں کی ترجیحات مختلف ہوتی ہیں، انتہائی مختصر وقت میں ذاتی مفاد کو بالائے طاق رکھتے ہوئے قومی اور عوامی مفاد میں طویل المدتی منصوبہ بندی کر رہے ہیں جن سے مستقبل میں ریاستی ادارے مستحکم اور عوام کو فائدہ ہوگا، آج بھی عوام مرحوم ممتاز حسین راٹھور کی نسبت سے مجھے جانتے ہیں اور ان کے کردار کو نہیں بھولے ۔
مزید یہ بھی پڑھیں:گل حسن وزیر اعظم فیصل ممتاز راٹھور کے کنسلٹنٹ مقرر ، نوٹیفکیشن جاری
خوشی ہےزرعی کانفرنس کے اختتام پر ہم آزاد کشمیر میں زراعت کے شعبے کی ترقی کیلئے ایک مربوط لائحہ عمل بنانے میں کامیاب ہوئے۔ وزیراعظم آزادکشمیر فیصل ممتاز راٹھور نے زرعی کانفرنس میں شریک مہمانوں چیئرپرسن بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام سینیٹر روبینہ خالد، وزیر زراعت، لائیو سٹاک، آبپاشی و اسماء علی شان سونی، وزراء حکومت، زرعی کانفرنس کے منتظمین، پاکستان سے آئے اداروں کے سربراہان، ماہرین، کاروباری طبقوں، کسانوں اور سول سوسائٹی کا شکریہ ادا کیا ۔




