“تعمیر و ترقی پیپلز پارٹی کی پہچان، ووٹرز گھروں سے نکلیں اور ‘تیر’ کے نشان پر ٹھپہ لگائیں”، راجہ پرویز اشرف

سابق وزیراعظم اور پاکستان پیپلز پارٹی وسطی پنجاب کے صدر راجہ پرویز اشرف نے میرپور ڈویژن میں جاری عام انتخابات کے موقع پر پوٹھوہاری زبان میں کشمیری ووٹرز کے نام ایک خصوصصی اور جذباتی پیغام جاری کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ میرپور ڈویژن آج پیپلز پارٹی سے اپنی دیرینہ محبت کا بے مثال ثبوت پیش کر رہا ہے۔ راجہ پرویز اشرف نے خوبصورت جذبے اور جوش و خروش کے ساتھ گھروں سے پولنگ اسٹیشنز کا رخ کرنے والے کشمیریوں کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ آزاد کشمیر کے عوام کا بلا شبہ صرف پاکستان پیپلز پارٹی پر کامل اعتماد ہے۔

“کشمیر کی ترقی، یونیورسٹیاں اور میڈیکل کالجز پیپلز پارٹی کا تحفہ ہیں”

اپنے بیان میں سابق وزیراعظم نے کہا کہ پیپلز پارٹی نے ہمیشہ اپنے دورِ حکومت میں آزاد کشمیر میں تعمیر و ترقی کی نئی تاریخ رقم کی ہے۔ انہوں نے یاد دلایا کہ کشمیر کی تمام تمام تر یونیورسٹیاں، میڈیکل کالجز اور اہم شاہراہیں پیپلز پارٹی کے ادوار ہی میں قائم کی گئیں۔ اس کے علاوہ مسئلہ کشمیر کو عالمی سطح پر پوری قوت کے ساتھ صرف پیپلز پارٹی نے اجاگر کیا۔

یہ بھی پڑھیں: خواجہ سعد رفیق کا ایکشن کمیٹی کے نام اہم پیغام، پرامن سیاسی حکمت عملی اپنانے کی تاکید

انہوں نے مزید کہا کہ قائدِ عوام شہید ذوالفقار علی بھٹو نے کشمیر کے لیے ایک ہزار سال تک جنگ لڑنے کا عہد کیا تھا، جبکہ شہید محترمہ بے نظیر بھٹو نے تاریخی الفاظ کہے تھے کہ “جہاں کشمیریوں کا پسینہ گرے گا وہاں ہمارا خون گرے گا”۔ آج چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کا بھی یہی عزم ہے کہ “لیں گے لیں گے پورا کشمیر لیں گے”۔

آزاد کشمیر میں حکومت اور مقبوضہ کشمیر کا مستقبل:

راجہ پرویز اشرف کا کہنا تھا کہ آزاد کشمیر میں پیپلز پارٹی کی حکومت کے قیام کا بہت بڑا فائدہ مقبوضہ کشمیر کے مظلوم کشمیریوں کو ہوگا۔ انہوں نے کشمیری ووٹرز سے پرزور اپیل کی کہ وہ شام 5 بجے سے قبل اپنا حقِ رائے دہی استعمال کرنے کے لیے ہر صورت پولنگ اسٹیشنز پہنچیں۔

انہوں نے ووٹرز کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ آج ‘تیر’ کے نشان پر ٹھپہ لگا کر اپنا آئینی اور قومی فرض ادا کریں، انشاءاللہ تعالیٰ ان انتخابات میں نئی تاریخ رقم ہوگی اور آزاد کشمیر میں ایک بار پھر پیپلز پارٹی کی حکومت قائم ہوگی۔

مزید پڑھیں: کشمیر ڈیجیٹل کا تاریخ ساز اقدام: آزاد کشمیر انتخابات کے لیے پہلے مرکزی ‘الیکشن پورٹل’ کا قیام