پاکستان عالمی امن کا ضامن بن گیا؛ عمر عبداللہ، محبوبہ مفتی اور میر واعظ کا پاکستانی سفارتکاری کو خراجِ تحسین

سرینگر: مقبوضہ جموں و کشمیر کے عوام اور سیاسی قیادت نے عالمی امن کے لیے پاکستان کی مؤثر سفارتکاری اور ایران امریکہ جنگ بندی میں کلیدی کردار ادا کرنے پر بھرپور خیرمقدم کیا ہے۔ مقبوضہ وادی کی قیادت نے پاکستان کی ان کوششوں کو عالمی سطح پر امن و استحکام کے لیے ایک تاریخی قدم قرار دیتے ہوئے حکومتِ پاکستان اور عسکری قیادت کو شاندار الفاظ میں خراجِ تحسین پیش کیا ہے۔

وزیراعلیٰ مقبوضہ جموں و کشمیر عمر عبداللہ نے اپنے بیان میں کہا کہ پاکستان نے ایران اور امریکہ کے درمیان جنگ بندی کے لیے وہ کلیدی کردار ادا کیا ہے جو دنیا کا کوئی دوسرا ملک نہ کر سکا۔ سابق وزیراعلیٰ محبوبہ مفتی کا کہنا تھا کہ دنیا کو جنگ کے دہانے سے واپس لانے پر پاکستان کا کردار انتہائی قابلِ تحسین ہے۔ حریت رہنما میر واعظ عمر فاروق نے امید ظاہر کی کہ پاکستان کی ان امن کوششوں کے مثبت اثرات ایران سمیت پورے خطے پر اثر انداز ہوں گے، جبکہ آغا سید روح اللہ مہدی نے بھی پاکستان کی مخلصانہ کوششوں کا خیرمقدم کیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: ’’کشمیر ترقی کریگا اور آگے بڑھے گا ‘‘فریال تالپور نے الیکشن سلوگن پیش کردیا

کشمیری عوام نے امریکہ ایران جنگ بندی میں مرکزی کردار ادا کرنے پر فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کو بھی خصوصی طور پر خراجِ تحسین پیش کیا ہے۔ عالمی ماہرین کے مطابق، اس جنگ بندی کے بعد پاکستان عالمی منظرنامے میں ایک حقیقی ‘نیٹ ریجنل اسٹیبلائزر’ کے طور پر ابھرا ہے۔ مقبوضہ کشمیر کی قیادت اور عوام کے یہ بیانات اس امر کی واضع عکاسی کرتے ہیں کہ کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے اور کشمیریوں کے دل پاکستان کے ساتھ دھڑکتے ہیں۔

مزید پڑھیں: آزادکشمیر کے طلباء کیلئے خوشخبری، ایچی سن کالج نے 100فیصد سکالرشپ کا اعلان کردیا