ملک کے معروف تعلیمی ادارے ایچی سن کالج نے نئے تعلیمی سال اگست 2026 کے لیے جماعت ششم میں داخلوں کا اعلان کرتے ہوئے آزادکشمیر سمیت مختلف صوبوں کے طلبا کیلئے100 فیصد اسکالرشپس کا اعلان کردیا ہے۔
کالج انتظامیہ کے مطابق یہ وظائف اقامتی طلبا (بورڈنگ ہاؤس) کے لیے مختص ہیں، جن کے تحت آزادکشمیر، صوبہ سندھ، خیبر پختون خوا، بلوچستان اور گلگت بلتستان سے تعلق رکھنے والے طلبا درخواست دے سکتے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں:ہائیر ایجوکیشن کمیشن کا ایک ہزار اسکالرشپس دینے کا اعلان
اعلامیے کے مطابق درخواست دہندگان کا اپنے متعلقہ صوبے کا رہائشی اور وہیں زیر تعلیم ہونا لازمی ہے جبکہ امیدوار کی تاریخ پیدائش یکم جون 2015 سے 31 مئی 2016 کے درمیان ہونی چاہیے۔
داخلے کے لیے تحریری امتحان مئی 2026 میں مظفر آباد ،کوئٹہ، حیدر آباد، پشاور اور گلگت میں منعقد ہوگا۔
کالج انتظامیہ نے بتایا کہ رجسٹریشن کی آخری تاریخ 30 اپریل 2026 مقرر کی گئی ہے، جبکہ داخلہ میرٹ اور مالی ضرورت کی تصدیق کی بنیاد پر دیا جائے گا
مزید معلومات اور درخواست فارم کے حصول کے لیے امیدوار کالج کے داخلہ دفتر سے رابطہ کرسکتے ہیں یا ادارے کی ویب سائٹ سے فارم ڈاؤن لوڈ کر سکتے ہیں۔
درخواست فارم کالج کی ویب سائٹ www.aitchison.edu.pk سے بھی ڈاؤن لوڈ ہو سکتا ہے۔داخلہ صرف میرٹ اور مالی ضروریات کی تصدیق پر ہی ہو گا۔
یہ بھی پڑھیں:یونیورسٹی آف حویلی اور مسلم ہینڈز کے مابین معاہدہ،100 سکالر شپس کا اعلان
یاد رہے کہ لاہورکا یہ کالج مدت تک چیفس کالج کے نام سے موسوم رہا۔ یہاں ایف اے تک تعلیم دی جاتی ہے۔ نیز سینئر کیمرج تک کا بھی انتظام موجود ہے۔ اس کا کالج کا آغاز 1864ء میں ہوا تھا۔
کالج کا موجودہ نام پنجاب کے سابق انگریز گورنر چارلس ایچیسن کے نام پر رکھا گیا۔ پاکستان کی کئی نامور شخصیات نے اسی کالج سے تعلیم حاصل کی اور دنیا میں نام کمایا۔




