’’کشمیر ترقی کریگا اور آگے بڑھے گا ‘‘فریال تالپور نے الیکشن سلوگن پیش کردیا

پاکستان پیپلز پارٹی آزادجموں و کشمیر کی انچارج،مرکزی صدر برائے خواتین ونگ پاکستان پیپلز پارٹی محترمہ فریال تالپور کی زیر صدارت اعلی سطح کا تنظیمی اجلاس کراچی میں ہوا۔

اجلاس میں آزادجموں و کشمیر کے قائمقام صدر چوہدری لطیف اکبر،وزیراعظم آزادکشمیر فیصل ممتاز راٹھور،پیپلز پارٹی آزادکشمیر کے صدر چوہدری محمد یٰسین،سردار محمد یعقوب خان،سردار تنویر الیاس خان،چوہدری محمد ریاض،موسٹ سینئر وزیر میاں عبدالوحید،وزیر جنگلات سردار جاوید ایوب اور ڈی جی پولیٹیکل افیئرز عامر ذیشان جرال نے شرکت کی۔

یہ بھی پڑھیں: پیپلزپارٹی آزادکشمیر کی قیادت کراچی طلب، فریال تالپور کی زیرصدارت اجلاس، اہم فیصلے

اجلاس میں آئندہ انتخابات کے حوالے سے پیپلز پارٹی آزادجموں و کشمیر کی انتخابی حکمت عملی پر غور کیا گیا۔تمام رہنماؤں نے اپنی اپنی تجاویز دیں اور کئی امور پر سیر حاصل بحث ہوئی ۔

اجلاس میں پی ایس ایف آزادجموں و کشمیر کو ایک سال کی توسیع دی گئی۔ فریال تالپور نے ہدایت کی کہ پیپلز پارٹی آزادجموں و کشمیر کی تمام ذیلی تنظیموں کو فوری طور پر مکمل کر کے رپورٹ مرکزی سیکرٹریٹ کو بھیجی جائے۔

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے فریال تالپور نے کہا کہ شہید بھٹو اور شہید محترمہ بے نظیر کے افکار کے مطابق پیپلز پارٹی آئندہ انتخابات میں بھرپور اور پرجوش انداز میں حصہ لے گی۔

انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی وفاق کی علامت اور آزاد جموں و کشمیر کے عوام کی امیدوں کا مرکز ہے آپ سب نے اتفاق و اتحاد کے ساتھ پارٹی کو آئندہ انتخابات میں کامیابی دلوانے کیلیے محنت اور لگن سے کام کرنا ہے۔

انہوں نے کہا کہ اللہ پاک کے کرم سے پاکستان کو مشرق وسطی کی حالیہ کشیدگی میں عالمی امن کیلیے جو مصالحانہ اور قائدانہ کردار ادا کرنے کا موقع ملا اس پر فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کو خراج تحسین پیش کرتی ہوں ۔

یہ بھی پڑھیں: پیپلزپارٹی کا ٹریک ریکارڈ اچھا نہیں ،فاروق حیدر کا آزادکشمیر حکومت پر الزام

انہوں نے کہا کہ انشااللہ آئندہ انتخابات میں کشمیر ترقی کرے گا اور آگے بڑھے گا کا سلوگن لیکر میدان میں اتریں گے اور اسی تسلسل کو برقرار رکھتے ہوے اگلے پانچ سال کی حکومت بنا کر آزادکشمیر کے عوام کی امیدوں پر پورا اتریں گے۔

اجلاس کے اختتام پر شہداء کشمیر و پاک فوج اور شہید بھٹو اور شہید محترمہ بے نظیر بھٹو کے درجات کی بلندی کیلیے خصوصی دعا کی گئی جو موسٹ سینئر وزیر میاں عبدالوحید نے کروائی۔

Scroll to Top