باغ کی محرومیوں کا ازالہ کریں گے، عوام کیلئے ہر حد تک جائیں گے،مشتاق منہاس

باغ (کشمیر ڈیجیٹل) سینئر نائب صدر مسلم لیگ (ن) و ممبر کشمیر کونسل مشتاق منہاس نے کہا ہے کہ باغ کی محرومیوں کا ازالہ کریں گے اورعوام کیلئے ہر حد تک جائیں گے۔ 

 مشتاق منہاس نے کہا کہ وزیراعظم آزاد کشمیرافتخار گیلامی نے حلف اُٹھانے کے بعد سے 100 روزہ پلان پر دن رات کام کیا ہے جبکہ 100 روزہ پلان کی تکمیل کے بعد5 سالہ ترقیاتی منصوبہ بندی بھی تیار کر لی گئی ہے جو عوامی مسائل کے حل اور ریاست کی ترقی کیلئے حکومت کے سنجیدہ اقدامات کا عکاس ہے۔

باغ میں جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے مشتاق منہاس نے کہا کہ باغ کیلئے امراضِ قلب کا ہسپتال ایک بڑا منصوبہ ہے جس سے علاقے کی دیرینہ محرومیوں کا ازالہ ہوگا۔

یہ بھی پڑھیں:پاکستان ہمارا محافظ، دشمن کا ہاتھ مضبوط کرنے کی کسی کو اجازت نہیں دیں گے، سردار میر اکبر

انہوں نے کہا کہ وزیراعظم پاکستان شہباز شریف کی جانب سے باغ کے عوام کیلئے 6 ارب روپے کی لاگت سے دانش سکول کا منصوبہ دیا گیا ہے جہاں مارچ سے کلاسز کا آغاز ہوگا۔

ان کا کہنا ہے کہ امراضِ قلب ہسپتال سابقہ دور حکومت میں سازش کی نذر ہوا، جس پر افسوس ہے۔ ہماری کوئی ذاتی وابستگی یا رشتہ داری نہیں، ہماری کمٹمنٹ باغ کے عوام کیساتھ ہے اور ان کے مسائل کے حل کیلئے ہر حد تک جائیں گے۔

مشتاق منہاس نے پاکستان سے اپنی محبت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان سے ہمارا رشتہ کلمے کی بنیاد پر ہے، یہ محبت لازوال ہے اور وطن کیلئے جان قربان کرنے کا جذبہ ہمیں اپنے آباؤ اجداد سے ملا ہے۔

انہوں نے دہشت گرد تنظہم ایکشن کمیٹی کی جانب سے پاکستان مخالف نعروں کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ ایسے عناصر کیخلاف سخت کارروائی ہونی چاہیے۔ باغ کے عوام کے مسائل حل کرنے کیلئے ہر وقت دستیاب رہوں گا۔

جلسے سے خطاب کرتے ہوئے وزیر صحت عامہ مصطفیٰ بشیر عباسی نے کہا کہ باغ میں امراضِ قلب ہسپتال کو وزیراعظم کے 100 روزہ پلان میں شامل کر لیا گیا ہے، جس پر 75 کروڑ روپے لاگت آئے گی، اور جلد اس منصوبے پر کام شروع کیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ باغ ڈی ایچ کیو ہسپتال کو ٹیچنگ ہسپتال بنایا جائے گا اور سی ٹی سکین سمیت جدید طبی مشینری فراہم کی جائے گی۔ اس کے علاوہ ماڈل بی ایچ یوز، جدید ایمبولینسز اور صحت کارواں منصوبے کے تحت وسطی باغ اور شرقی باغ کے لیے دو، دو گاڑیاں فراہم کی جائیں گی۔

مصطفیٰ بشیر عباسی نے کہا کہ آزاد کشمیر میں گورننس کو عوام کیلئے مثالی بناتے ہوئے حکومت اپنی کارکردگی سے خود کو ثابت کرے گی۔

وزیر برقیات و آبپاشی راجہ ثاقب مجید نے اپنے خطاب میں کہا کہ وزیراعظم آزاد کشمیر پر اعتماد کرتے ہوئے مرکزی قیادت نے 16 ارب روپے فراہم کئے ہیں، جس سے کشمیری عوام کی محرومیوں کے ازالے کیلئے  اقدامات کیے جا رہے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ روزگار کے حوالے سے مؤثر حکمت عملی تیار کر لی گئی ہے اور نوجوانوں کو باعزت روزگار فراہم کیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ ن کے دور حکومت میں پاکستان نے ترقی کی منازل طے کیں اور پاک فوج کی قیادت و مسلم لیگ (ن) کی قیادت میں ملک کا نام عالمی سطح پر بلند ہوا۔

یہ بھی پڑھیں:سابق وزیراعظم سردار تنویر الیاس خان کا سردار محمد نواز خان کی وفات پر اظہارِ تعزیت

راجہ ثاقب مجید نے ریاست میں حالیہ بدامنی اور پولیس اہلکاروں کیساتھ پیش آنے والے واقعات کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ ریاست ماں کا کردار ادا کرتی ہے، تاہم مسلسل حملوں کی صورت میں ریاست کو اپنا قانونی اختیار استعمال کرنا پڑتا ہے۔ ان کے مطابق کالعدم کمیٹی کے ساتھ 3 مرتبہ مذاکرات کیے گئے، تاہم مذاکرات کے بجائے تصادم کا راستہ اختیار کیا گیا۔

انہوں نے کہا کہ دہشت گرد تنظیم ایکشن کمیٹی کو بیرون ملک سے حمایت حاصل ہے، جسے قبول نہیں کیا جا سکتا اس کمیٹی کو کہوں گا مولانا فضل الرحمان کی نقل کریں ریاست سے مقابلے کے بجاے ریاست کے سامنے سرینڈر کریں۔