راولاکوٹ (کشمیر ڈیجیٹل) پاکستان مسلم لیگ (ن) ضلع پونچھ کے ٹریڈ ونگ کے صدر اور ممبر مجلسِ عاملہ سردار وجیہ الاسلام نے راولاکوٹ کی موجودہ صورتحال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ شہر کو دہشت گردایکشن کمیٹی کے مسلح جتھوں کے رحم و کرم پر نہیں چھوڑا جا سکتا، شہریوں کے جان و مال، کاروبار، تعلیم اور بنیادی حقوق کا تحفظ ریاست کی ذمہ داری ہے۔
سردار وجیہ الاسلام نے اپنے بیان میں کہا کہ راولاکوٹ میں دہشت گردایکشن کمیٹی کی مسلح سرگرمیوں اور بدامنی کے باعث شہری خوف و ہراس کا شکار ہیں، بعض خاندان نقل مکانی پر مجبور ہو رہے ہیں جبکہ گھروں میں محصور افراد کو خوراک، روزمرہ ضروریات اور معاشی مشکلات کا سامنا ہے۔
یہ بھی پڑھیں:کھوئیرٹہ سے کالعدم ایکشن کمیٹی کا صفایا ، شہریوں کی بڑی تعداد کا لاتعلقی کا اعلان
ان کا کہنا ہے کہ کاروباری سرگرمیاں متاثر، تجارت مفلوج، تعلیمی نظام تعطل کا شکار اور شہریوں کی آزادانہ نقل و حرکت محدود ہو چکی ہے۔
انہوں نے کہا کہ راولاکوٹ کے عوام کب تک خوف، بے یقینی اور معاشی بدحالی کی کیفیت میں زندگی گزاریں گے؟ شہر کے امن و امان اور معمولاتِ زندگی کی بحالی کیلئے فوری اور مؤثر اقدامات ناگزیر ہیں۔
سردار وجیہ الاسلام نے الزام عائد کیا کہ مسلح جتھوں کو ایکشن کمیٹی کے بعض کور ممبران کی حمایت اور پناہ حاصل ہونے سے متعلق اطلاعات سامنے آ رہی ہیں۔
انہوں نے مطالبہ کیا کہ ان الزامات کی غیر جانب دارانہ تحقیقات کی جائیں اور اگر کسی فرد کا تشدد یا غیر قانونی سرگرمیوں میں ملوث ہونا ثابت ہو تو اس کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی عمل میں لائی جائے۔
انہوں نے کہا کہ شہریوں کے جان و مال، عزت، کاروبار، تعلیم اور روزگار کو پہنچنے والے نقصان کی ذمہ داری کا تعین ہونا چاہیے۔ کسی فرد، گروہ یا تنظیم کو اپنے مطالبات منوانے کے لیے شہریوں کی زندگی، کاروبار اور بنیادی سہولیات مفلوج کرنے کا حق حاصل نہیں۔
انہوں نے راولاکوٹ کے شہریوں سے اپیل کی کہ وہ اپنے بچوں کے مستقبل، کاروبار، روزگار اور جان و مال کے تحفظ کے لیے پُرامن اور قانونی طریقے سے آواز بلند کریں اور شہر میں امن، تعلیم، تجارت اور معمولاتِ زندگی کی بحالی کے لیے متحد ہو جائیں۔
سردار وجیہ الاسلام نے ریاستی اداروں سے مطالبہ کیا کہ شہریوں کے تحفظ کو یقینی بنایا جائے، غیر قانونی اسلحے اور مسلح عناصر کیخلاف قانون کے مطابق کارروائی کی جائے، بدامنی میں ملوث افراد کی غیر جانب دارانہ تحقیقات کی جائیں، شہر میں تعلیم، تجارت، ٹرانسپورٹ اور آزادانہ نقل و حرکت بحال کی جائے اور متاثرہ خاندانوں و کاروباری طبقے کی معاشی بحالی کیلئے عملی اقدامات اٹھائے جائیں۔
انہوں نے کہا کہ اگر ایکشن کمیٹی کے کسی کور ممبر کا غیر قانونی سرگرمیوں میں کردار ثابت ہوتا ہے تو اسے قانون کے کٹہرے میں لایا جائے۔
یہ بھی پڑھیں:پاکستان ہمارا محافظ، دشمن کا ہاتھ مضبوط کرنے کی کسی کو اجازت نہیں دیں گے، سردار میر اکبر
ان کا کہنا تھا کہ اختلافِ رائے اور احتجاج جمہوری و آئینی حقوق ہیں، تاہم کسی دوسرے شہری کے بنیادی حقوق سلب کرنا قابلِ قبول نہیں۔ راولاکوٹ کو تصادم، خوف اور بدامنی کے بجائے امن، تعمیر، ترقی اور خوشحالی کی ضرورت ہے۔
سردار وجیہ الاسلام نے کہا کہ راولاکوٹ میں امن بحال کیا جائے اور شہریوں کو آزادانہ، محفوظ اور باعزت زندگی گزارنے کا حق دیا جائے۔




