روزانہ صرف 30 منٹ پیدل چلنے کی عادت جسمانی اور ذہنی صحت کو بہتر بنانے، مختلف بیماریوں کے خطرات کم کرنے اور صحت مند طرزِ زندگی اپنانے میں اہم کردار ادا کر سکتی ہے۔
طبی ماہرین کے مطابق باقاعدہ چہل قدمی وزن میں کمی، جسمانی چربی کم کرنے، دل کی صحت بہتر بنانے اور بلڈ پریشر کو قابو میں رکھنے میں مددگار ثابت ہوتی ہے۔ اس کے علاوہ پیدل چلنے سے ٹانگوں اور پیٹ کے پٹھے مضبوط ہوتے ہیں، ہڈیوں کی صحت بہتر ہوتی ہے اور جوڑوں کی اکڑن میں کمی آسکتی ہے۔
یہ بھی پڑھیں:کیا سردیوں میں صبح کی سیر دل کے مریضوں کیلئے خطرناک ہے؟
ماہرین کا کہنا ہے کہ روزانہ چہل قدمی ذہنی دباؤ اور بے چینی کم کرنے کے ساتھ نیند کے معیار کو بہتر بنانے اور قوتِ مدافعت مضبوط کرنے میں بھی معاون ثابت ہوتی ہے۔
ہر کھانے کے بعد مختصر چہل قدمی کرنا بھی صحت کیلئے مفید قرار دیا جاتا ہے کیونکہ اس سے خون میں شوگر کی سطح کو متوازن رکھنے اور انسولین کی حساسیت بہتر بنانے میں مدد مل سکتی ہے۔
تحقیقی مطالعات کے مطابق باقاعدگی سے پیدل چلنے کا تعلق بہتر مجموعی صحت اور طویل، صحت مند زندگی سے بھی ہے۔
یہ بھی پڑھیں:ورزش سے دل پر کیا اثرات پڑتے ہیں؟تحقیق میں حیران انکشافات
طبی ماہرین کے مطابق عام رفتار سے 30 منٹ پیدل چلنے پر تقریباً 2,500 سے 4,000 قدم مکمل کئےجا سکتے ہیں جبکہ تیز رفتار چہل قدمی کے دوران قدموں کی تعداد تقریباً 4,500 تک پہنچ سکتی ہے۔
ماہرین صحت کا مشورہ ہے کہ روزمرہ معمولات میں پیدل چلنے کو شامل کرکے جسمانی سرگرمی میں اضافہ کیا جائے تاکہ صحت مند زندگی کے حصول میں مدد مل سکے۔




