برطانیہ سے پاکستان آنے والی پی آئی اے کی پروازوں کا شیڈول متاثر

لندن( کشمیر ڈیجٹیل )برطانیہ سے پاکستان آنے والے مسافروں کیلئے سفری مشکلات بڑھ گئیں، پی آئی اے کی متعدد پروازیں اچانک منسوخ ہونے سے فضائی آپریشن متاثر۔

 طیاروں کی عدم دستیابی اور آپریشنل مسائل کے باعث قومی ایئرلائن کا برطانیہ سے پاکستان آنے والا پروازوں کا شیڈول متاثر ہوا ہے۔

نچسٹر سے لاہور آنے والی پی آئی اے کی پرواز منسوخ کردی گئی، جبکہ لندن سے اسلام آباد جانے والی پرواز بھی آپریشنل وجوہات کی بنا پر منسوخی کا شکار ہوگئی۔

پروازوں کی اچانک منسوخی سے مسافروں کے سفری منصوبے متاثر ہوئے اور انہیں متبادل انتظامات کے حوالے سے مشکلات پیش آنے لگیں۔

یہ بھی پڑھیں :محسن نقوی کا بوئنگ ہیڈ کوارٹرز کا دورہ، پی آئی اے کیلئے 16 نئے طیاروں کی خریداری کا عمل تیز کرنے کا فیصلہ

 ناروے کی ایئرلائن کی جانب سے پی آئی اے کو طیاروں کی فراہمی اچانک معطل کیے جانے کے بعد فضائی آپریشن میں مسائل پیدا ہوئے۔

 طیاروں کی عدم دستیابی کو پروازوں کی منسوخی کی اہم وجہ قرار دیا جا رہا ہے، جس کے باعث برطانیہ سے پاکستان آنے اور جانے والی پروازوں کا شیڈول متاثر ہوا۔

پی آئی اے انتظامیہ نے صورتحال سے نمٹنے کے لیے متبادل طیاروں کے ذریعے برطانیہ کے لیے پروازیں جاری رکھنے کے انتظامات کرنے کا اعلان کیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں :نجکاری کی تاریخ کا سنگ میل ، پی آئی اے کا انتظامی کنٹرول منتقل کردیا، وزیراعظم شہبازشریف

 قومی ایئرلائن کے مطابق آج سے برطانیہ کے لیے بوئنگ 777 طیارے آپریشن میں شامل کیے جائیں گے تاکہ پروازوں کی بحالی اور مسافروں کو سہولت فراہم کی جاسکے۔

پروازوں کی منسوخی اور شیڈول میں تبدیلی کے باعث مسافروں کو ایئرپورٹس پر انتظار، سفری منصوبوں میں ردوبدل اور دیگر مشکلات کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔

پی آئی اے نے مسافروں کو ہدایت کی ہے کہ وہ ایئرپورٹ روانہ ہونے سے قبل اپنی پرواز کا تازہ ترین اسٹیٹس ایئرلائن سے ضرور معلوم کریں تاکہ کسی بھی ممکنہ پریشانی سے بچا جاسکے۔