پاکستان،اٹلی کا ماربل انڈسٹری کی ترقی کیلئے جدید ٹیکنالوجی کی منتقلی اور برآمدات بڑھانے کا فیصلہ

اسلام آباد( کشمیر ڈیجٹیل ) پاکستان کی ماربل انڈسٹری کی قسمت بدلنے اور عالمی منڈی میں پاکستانی مصنوعات کی رسائی بڑھانے کے لیے اہم پیش رفت سامنے آگئی۔

 پاکستان اور اٹلی نے ماربل کے شعبے کو جدید ٹیکنالوجی سے آراستہ کرنے، پیداواری صلاحیت میں اضافے اور برآمدات کے فروغ کے لیے مشترکہ اقدامات پر اتفاق کرلیا۔

 دونوں ممالک کے درمیان تعاون کے نئے امکانات پیدا ہونے سے پاکستان کی معدنی صنعت میں سرمایہ کاری، روزگار اور زرمبادلہ کے حصول کی راہیں بھی کھلنے کی توقع ہے۔

 وزیراعظم کے کوآرڈینیٹر برائے کامرس، صنعت و پیداوار رانا احسان افضل کی زیر صدارت اطالوی وفد کے ساتھ اہم اجلاس، سیکرٹری صنعت احسان علی منگی، ایڈیشنل سیکرٹری حمیرا ضیا مفتی، پاکستان اسٹون ڈیولپمنٹ کمپنی (پاسڈیک) کے چیف ایگزیکٹو آفیسر سمیت دیگر اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔

یہ بھی پڑھیں :اٹلی کا پاکستانیوں کے لیے 10,500 خصوصی ورک ویزا کوٹہ کا اعلان

اجلاس میں پاکستان کی ماربل انڈسٹری کو جدید خطوط پر استوار کرنے، جامع ماربل پالیسی کی تیاری، جدید مائننگ تکنیک متعارف کرانے، ٹیکنالوجی کی منتقلی اور ہنرمند افرادی قوت کی تیاری سمیت مختلف امور کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔

رانا احسان افضل نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف کے وژن کے مطابق حکومت ماربل انڈسٹری کی ترقی اور اس کی برآمدی صلاحیت سے بھرپور فائدہ اٹھانے کے لیے عملی اقدامات کر رہی ہے۔

 تمام متعلقہ اسٹیک ہولڈرز کی مشاورت سے ایک جامع اور قابل عمل ماربل پالیسی تیار کی جا رہی ہے، جس کا مقصد اس شعبے کی پیداواری استعداد میں اضافہ کرنا ہے۔

یہ بھی پڑھیں نوبیل انعام کا اصل حقدار پاکستان ،اٹلی کے سابق وزیراعظم نے مطالبہ کردیا

رانا احسان افضل نے واضح کیا کہ حکومت کی ترجیح خام ماربل برآمد کرنے کے بجائے اعلیٰ معیار کی ویلیو ایڈڈ مصنوعات تیار کرکے عالمی منڈیوں تک پہنچانا ہے، جس سے ملکی برآمدات اور زرمبادلہ میں اضافہ ہوگا جبکہ روزگار کے نئے مواقع بھی پیدا ہوں گے۔

 اطالوی وفد نے پاکستان کے ماربل سیکٹر میں سرمایہ کاری، جدید مشینری اور ٹیکنالوجی کی منتقلی میں دلچسپی ظاہر کی۔اجلاس کے اختتام پر دونوں ممالک نے جدید ٹیکنالوجی، ماربل پراسیسنگ، فنی تربیت اور ہنرمند افرادی قوت کی تیاری میں تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا۔