وزیراعظم شہبازشریف کا کامیاب نجکاری عمل مکمل ہونے پرفیلڈ مارشل عاصم منیر اور ان کی ٹیم کو قومی معاملہ حل کرنے پر خراجِ تحسین پیش
اسلام آباد(کشمیر ڈیجیٹل) وزیراعظم محمد شہباز شریف نے پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائنز کارپوریشن لمیٹڈ (پی آئی اے سی ایل) کی نجکاری کے عمل میں پہلی مالیاتی تکمیل (پہلی مالیاتی کلوزنگ) پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے اسے پاکستان کی نجکاری کی تاریخ کا ایک تاریخی سنگِ میل قرار دیا اور پوری قوم کو مبارکباد پیش کی۔
نجکاری کمیشن پاکستان نے آج پی آئی اے کی نجکاری کے عمل میں پہلی مالیاتی تکمیل کامیابی سے مکمل کرتے ہوئے شیئر پرچیز اینڈ سبسکرپشن ایگریمنٹ (SPSA) کے تحت تمام پیشگی شرائط پوری ہونے کے بعد ایئرلائن کا انتظامی کنٹرول عارف حبیب کارپوریشن لمیٹڈ کی قیادت میں سرمایہ کار کنسورشیم کے حوالے کر دیا۔
مزید یہ بھی پڑھیں:کالعدم ایکشن کمیٹی کا بھارتی بیانیہ ناکام،کشمیری عوام نے مسترد کردیا،ساجدہ احمد کشمیری
وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا کہ پی آئی اے کی نجکاری کے اس مرحلے کی کامیاب تکمیل ان کی حکومت اور پوری پاکستانی قوم کیلئے باعثِ اطمینان ہے۔
اس سے یہ ثابت ہوا ہے کہ پیچیدہ اور اسٹریٹجک نوعیت کے قومی معاملات بھی شفاف، مسابقتی اور بروقت انداز میں ٹیم ورک اورپورے حکومتی نظام کے مشترکہ طرزِ عمل اور طریقہ کار کے ذریعے کامیابی سے مکمل کیے جا سکتے ہیں۔
وزیراعظم نے کہا کہ اس پیش رفت سے نہ صرف پی آئی اے کیلئے ایک نئے دور کا آغاز ہو رہا ہے بلکہ یہ حکومت کے وسیع تر معاشی اصلاحاتی ایجنڈے میں بھی ایک اہم سنگِ میل ہے۔
انہوں نے کہا کہ آج کی کامیابی ملکی اور غیر ملکی سرمایہ کاروں کے لیے ایک واضح پیغام ہے کہ پاکستان سرمایہ کاری کیلئے تیار ہے، اصلاحات پر کاربند ہے اور معاشی ترقی کی جانب گامزن ہے۔
مزید یہ بھی پڑھیں:گلگت بلتستان حکومت سازی: وزیراعلیٰ امجد حسین ایڈووکیٹ کی حلف برداری تقریب ملتوی
وزیراعظم نے کہا کہ پہلی مالیاتی تکمیل کے ساتھ ہی ہم پی آئی اے کو اس کا ماضی کا وقار بحال کرنے کے مزید قریب آ گئے ہیں۔ حکومت ملازمین، مسافروں اور صارفین کے مفادات کے تحفظ کیلئے پرعزم ہیں۔
جبکہ انتظامی منتقلی اور فضائی آپریشنز کے بلا تعطل تسلسل کو جاری رکھنے کو یقینی بنایا جائے گا۔ تمام متعلقہ ہوابازی قوانین اور ریگولیٹری نگرانی بدستور نافذ العمل رہیں گے۔
وزیراعظم نے نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ محمد اسحاق ڈار کے کردار اور انتھک محنت کو سراہا۔وزیراعظم نے فیلڈ مارشل سید عاصم منیر اور ان کی پوری ٹیم کو اس کامیاب ٹیم ورک پر خراجِ تحسین پیش کیا۔
وزیراعظم نے وزیر دفاع خواجہ محمد آصف، وزیر خزانہ محمد اورنگزیب، نجکاری امور کے مشیر محمد علی، کابینہ کمیٹی برائے نجکاری اور نجکاری کمیشن کے اراکین کی خدمات کو بھی سراہا، جن کی کاوشوں سے یہ اہم قومی معاملہ کامیابی سے پایۂ تکمیل تک پہنچا۔




