عطا تارڑ فضل الرحمان پر برس پڑے، پاکستان یا افغانستان؟ بڑا سوال اٹھا دیا، بلاول بھٹو بھی نشانے پر

اسلام آباد( کشمیر ڈیجٹیل ) وفاقی وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ نے مولانا فضل الرحمان کے احتجاج اور بلاول بھٹو زرداری پر تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ احتجاج کوئی غیر معمولی بات نہیں، تاہم مولانا فضل الرحمان تصادم کی صورت حال پیدا کرنا چاہتے ہیں، انہیں ایک قدم پیچھے ہٹ کر معاملات کا حل تلاش کرنا چاہیے۔

عطا اللہ تارڑ نے کہا کہ مولانا فضل الرحمان کی جماعت کے لوگ بھی انہیں سمجھانے کی کوشش کررہے ہیں، لیکن وہ تصادم چاہتے ہیں۔ ان کے مطابق معمولی ٹریفک جام ہوتے رہتے ہیں، تاہم راستے بند نہ کیے جائیں تو معاملات بہتر ہوسکتے ہیں۔

وفاقی وزیر اطلاعات نے مولانا فضل الرحمان کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ انہیں فیصلہ کرنا ہوگا کہ وہ پاکستان کے ساتھ کھڑے ہیں یا افغانستان اور طالبان کے ساتھ۔۔ ان کا کہنا تھا کہ مولانا ایک عسکری جماعت کی طرح برتاؤ کررہے ہیں، انہیں تحمل کا مظاہرہ کرتے ہوئے مسائل کے حل کے لیے راستے نکالنے چاہئیں۔

یہ بھی پڑھیں :خلائی مشن کی خوشی میں 25 نومبر کو ہر سال منایا جائے گا،عطاء تارڑ

عطا تارڑ نے کہا کہ یہ افسوسناک ہے کہ ماضی میں مشرف کا ایل ایف او منظور کرانے والے مولانا فضل الرحمان آج ایک جمہوری حکومت کے ریفرنڈم کو غلط قرار دے رہے ہیں۔

بلاول بھٹو زرداری کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر اطلاعات نے کہا کہ وہ آج کل زیادہ غصے کا اظہار کررہے ہیں، انہیں ریفرنڈم کے خوف میں مبتلا ہونے کی ضرورت نہیں، عوامی رائے سے اتنا خوف کیوں ہے؟۔

انہوں نے کہا کہ اگر بلاول بھٹو زرداری بانی پی ٹی آئی کو سیاسی قیدی سمجھتے ہیں تو انہیں عدالت میں قانونی دلائل دینے چاہئیں۔

یہ بھی پڑھیں :سوشل میڈیا پر مولانا فضل الرحمن کی گرفتاری کا جھوٹا شور، حقیقت سامنے آگئی

بلاول سیاسی دلیل کی جگہ قانونی اور قانونی دلیل کی جگہ سیاسی مؤقف پیش کررہے ہیں۔عطا تارڑ کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی کے ساتھ اختلافات ضرور ہیں، لیکن اس کا مطلب تعلقات ختم ہونا نہیں۔

صوبوں سے متعلق معاملہ پارلیمان میں آیا تو پاکستان تحریک انصاف سے بھی رائے لی جاسکتی ہے۔