اسلام آباد( کشمیر ڈیجٹیل )خطے کی بدلتی سیکیورٹی صورتحال اور دفاعی تعاون کو مزید مضبوط بنانےکیلئے پاکستان، سعودی عرب اور ترکیہ کے درمیان اہم مذاکرات آج اسلام آباد میں ہوں گے، جن میں تینوں ممالک کے اعلیٰ سطحی سیاسی اور عسکری وفود شرکت کریں گے۔
اجلاس کے پیش نظر وفاقی دارالحکومت میں سیکیورٹی انتظامات سخت کردیے گئے ہیں، جبکہ اسلام آباد پولیس نے شہریوں کے لیے ٹریفک ایڈوائزری بھی جاری کردی ہے۔
مذاکرات میں سعودی عرب کی جانب سے وزیر خارجہ فیصل بن فرحان اور وزیر دفاع خالد بن سلمان، جبکہ ترکیہ کی جانب سے وزیر خارجہ حاقان فیدان اور وزیر دفاع یاشار گولر کی شرکت متوقع ہے۔
یہ بھی پڑھیں :پاکستان اور ترکیہ دو جان ایک قالب ،مکہ معاہدہ علاقائی سلامتی و مشترکہ دفاع کا عکاس ، وزیراعظم
پاکستان کی نمائندگی نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار، وزیر دفاع خواجہ آصف اور اعلیٰ عسکری حکام کریں گے۔
اجلاس میں تینوں ممالک کے درمیان دفاعی تعاون کے فروغ، علاقائی سلامتی کی صورتحال، مشترکہ دفاعی حکمت عملی اور باہمی تعاون کے مختلف پہلوؤں پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔
مذاکرات کو خطے میں امن و استحکام اور تینوں ممالک کی دفاعی شراکت داری مضبوط بنانے کے حوالے سے اہم قرار دیا جارہا ہے۔اس سے قبل تینوں ممالک کی کمیٹی کا اجلاس منعقد ہوا، جس میں آج ہونے والے اعلیٰ سطحی مذاکرات کا ایجنڈا طے کیا گیا۔
اسلام آباد پولیس کی ٹریفک ایڈوائزر ی
غیر ملکی وفود کی آمدورفت کے پیش نظر اسلام آباد پولیس نے ایکسپریس ہائی وے اور سری نگر ہائی وے پر مختلف اوقات میں ٹریفک ڈائیورشنز کا اعلان کیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں :فیلڈ مارشل تہران پہنچ گئے،مکہ معاہدے کے رکن ممالک اورایرانی قیادت کا اہم اجلاس شروع
ترجمان اسلام آباد پولیس کے مطابق سری نگر ہائی وے کی ٹریفک سہروردی روڈ، سروس روڈ جی ایٹ اور جی نائن استعمال کرسکے گی، جبکہ زیرو پوائنٹ اور فیض آباد جانے والی ٹریفک فیصل ایونیو سے گزرے گی۔
نائنتھ ایونیو کی ٹریفک کے لیے سروس روڈ ایسٹ متبادل راستہ ہوگا۔کورال سے اسلام آباد آنے والے شہری پرانا ایئرپورٹ، راول روڈ، مری روڈ اور آئی جے پی روڈ استعمال کرسکتے ہیں۔
کلب روڈ بند ہونے کی صورت میں لہتراڑ روڈ اور پارک روڈ متبادل راستے ہوں گے، جبکہ نیو ایئرپورٹ اور پشاور روڈ جانے والے شہری جناح ایونیو اور مارگلہ روڈ استعمال کریں۔
یہ بھی پڑھیں :اسلام آباد میں کشمیر واک، پولیس نے ٹریفک ڈائیورژن پلان جاری کر دیا
بہارہ کہو سے اسلام آباد آنے والے شہریوں کو بنی گالا اور پارک روڈ سے سفر کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
چیف ٹریفک آفیسر کائنات اظہر خان نے شہریوں کو سفری مشکلات سے بچنے کے لیے معمول سے 20 سے 25 منٹ پہلے روانہ ہونے کا مشورہ دیا ہے۔
ٹریفک پولیس اہلکار شہریوں کی رہنمائی کے لیے مختلف شاہراہوں پر موجود ہوں گے۔شہری ٹریفک کی تازہ صورتحال جاننے کے لیے ایف ایم 92.4 سنیں اور اسلام آباد پولیس کے سوشل میڈیا صفحات سے رہنمائی حاصل کریں۔




