اسلام گڑھ،صحافی سید کاظم شاہ کی یاد میں تعزیتی ریفرنس، خراج عقیدت پیش

اسلام گڑھ (کشمیر ڈیجٹیل)بعض شخصیات دنیا سے رخصت ہونے کے باوجود اپنے کردار، نظریات اور خدمات کے باعث لوگوں کے دلوں میں ہمیشہ زندہ رہتی ہیں،سینئر صحافی، استاد اور نظریاتی سیاسی کارکن سید کاظم حسین شاہ بھی ایسی ہی شخصیات میں شامل تھے۔

مرحوم  کی حق گوئی، بے باک صحافت اور تحریک آزادی کشمیر سے وابستگی کو خراجِ عقیدت پیش کرنے کے لیے چنار پریس کلب اسلام گڑھ میں تعزیتی ریفرنس کاانعقاد کیا گیا۔

 مقررین نے کہا کہ ان کا جسم اسپین میں تھا مگر روح ہمیشہ پاکستان میں بسی رہی۔تقریب کے مہمان خصوصی سینئر صحافی، چیف ایڈیٹر آوازہ و ڈپٹی میئر میونسپل کارپوریشن میرپور محمد رمضان چغتائی تھے۔

یہ بھی پڑھیں :سابق چیئرمین پاکستان اٹامک انرجی کمیشن انجینئر پرویز بٹ کی یاد میں تعزیتی ریفرنس،خراجِ تحسین پیش

ریفرنس سے ممبر قانون ساز اسمبلی و سابق وزیر خزانہ چوہدری قاسم مجید، سابق امیدوار اسمبلی محمد نذیر انقلابی، ممبر گورننگ باڈی پریس فاؤنڈیشن چوہدری خالد، سابق پرنسپل سید ایوب شاکر، چوہدری محمد جمشید، سینئر صحافی ظہور رشید چوہدری، حافظ نوید اشرف، چوہدری شرافت علی، راجہ گل بہار اکرم، توقیر نجیب، یاسر ممتاز، چوہدری طالب، طارق محمود، چوہدری محمود احمد قاضی، لالہ تصدق علی رفیقی، چوہدری لقمان لیاقت، علی اصغر چوہدری، راجہ ظاہر محمود، عابد حسین چوہدری، چوہدری ارشد اور سید کاشف شاہ نے خطاب کیا۔

مقررین نے کہا کہ سید کاظم شاہ نے ساری زندگی حق اور سچ کا راستہ اپنایا، کبھی مداح سرائی کے بجائے اصولی صحافت پر سمجھوتہ نہیں کیا۔ وہ بہترین استاد، مخلص سیاسی کارکن اور عوامی مسائل کو اجاگر کرنے والے بے باک صحافی تھے۔

یہ بھی پڑھیں :سابق سینیٹرڈاکٹرآصف کرمانی کی پیرسعید احمد بخاری کی وفات پر تعزیت

رمضان چغتائی نے سید کاظم حسین شاہ کو نفیس اور اصول پسند شخصیت قرار دیا، ممبر اسمبلی چوہدری قاسم مجید نے علاقائی تعمیر و ترقی کے لیے ان کی جدوجہد کو سراہا۔

 محمد نذیر انقلابی نے انہیں اپنا مخلص ساتھی اور رہنما قرار دیا۔تقریب کی نظامت عرفان صادق نے کی جبکہ صدر چنار پریس کلب امجد چوہدری نے شرکاء کا شکریہ ادا کیا۔

 ریفرنس میں سیاسی، سماجی، صحافتی و تعلیمی شخصیات سمیت مرحوم کے صاحبزادگان سید ہادیان علی اور سید حسن کاظم نے شرکت کی۔