ملتان (کشمیرڈیجٹیل)فضائی سفر کے دوران اچانک طبی ایمرجنسی نے مسافروں اور عملے کو تشویش میں مبتلا کر دیا، مدینہ سے ملتان آنے والی نجی ایئرلائن کی پرواز میں 80 سالہ مسافر کی طبیعت اچانک بگڑ گئی۔
پائلٹس نے فوری فیصلہ کرتے ہوئے طیارے کا رخ کراچی کی جانب موڑ دیا اور جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر ہنگامی لینڈنگ کی، تاہم مسافر کو بچانے کی تمام کوششیں بے سود ثابت ہوئیں۔
نجی ٹی وی کے مطابق نجی ایئرلائن کی پرواز پی ایف 763 پاکستان کی فضائی حدود میں آواران کے قریب محوِ پرواز تھی کہ اس دوران 80 سالہ مسافر شیخ محمد عالم کی طبیعت اچانک خراب ہوگئی۔
یہ بھی پڑھیں :روسی ایس یو 30 لڑاکا طیارہ گر کر تباہ،عملے کا ایک کارکن ہلاک
صورتحال کی سنگینی کو دیکھتے ہوئے پائلٹس نے فوری طور پر ایئر ٹریفک کنٹرول (اے ٹی سی) کو آگاہ کیا اور پرواز کا رخ کراچی کی جانب موڑ دیا تاکہ مسافر کو بروقت طبی امداد فراہم کی جا سکے۔
جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ کراچی پر طیارے کی ہنگامی لینڈنگ کے بعد پاکستان ایئرپورٹس اتھارٹی کی میڈیکل ٹیم فوری طور پر طیارے میں پہنچی اور مسافر کو طبی امداد فراہم کرنے کی کوشش کی۔
یہ بھی پڑھیں :امریکا جانیوالی پرواز خوفناک حادثے سے بال بال بچ گئی،5افراد زخمی
ڈاکٹروں کے مطابق مسافر کو دل کا دورہ پڑنے کے باعث انتقال ہو چکا تھا۔ یوں مسافر کی جان بچانے کے لیے کی جانے والی ہنگامی کوششیں کامیاب نہ ہو سکیں اور فضائی سفر ایک افسوسناک سانحے پر اختتام پذیر ہوا۔




