آئندہ پانچ سال میں گلگت بلتستان سے اندھیروں کا مکمل خاتمہ کردینگے، وزیراعلیٰ امجد حسین

گلگت (کشمیر ڈیجیٹل) گلگت بلتستان میں بجلی کے بحران کے خاتمے اور عوام کو لوڈشیڈنگ سے نجات دلانے کیلئے حکومت نے توانائی کے منصوبوں پر کام تیز کرنے کا اعلان کر دیا۔

 وزیر اعلیٰ امجد حسین نے کہا ہے کہ آئندہ پانچ سال میں گلگت بلتستان سے اندھیروں کا مکمل خاتمہ کیا جائے گا، ہماری جنگ غربت، بے روزگاری، لوڈشیڈنگ اور بنیادی سہولیات کی عدم فراہمی کے خلاف ہے۔

 عوام کو ریلیف دینا اوران کے معیارِ زندگی کو بہتر بنانا حکومت کی اولین ترجیح ہے،وزیراعلیٰ نے نلتر 16 میگاواٹ فیز تھری پاور پروجیکٹ کا دورہ کیا، متعلقہ حکام نے منصوبے کی تکمیل، گلگت شہر کو بجلی کی فراہمی اور دیگر امور پر بریفنگ دی۔

یہ بھی پڑھیں :گلگت بلتستان کو صوبہ بنانے سے مسئلہ کشمیر کو نقصان نہیں پہنچے گا،وزیراعلیٰ امجد حسین

 عمائدین سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ نلتر پاور پروجیکٹ گلگت شہر کے لیے انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔ منصوبے سے بجلی کی فراہمی شروع ہونے کے بعد شہر کو تقریباً 8 سے 9 گھنٹے اضافی بجلی میسر آ رہی ہے۔

وزیر اعلیٰ نے کہا کہ منصوبے کے باضابطہ افتتاح کے لیے وزیر اعظم پاکستان محمد شہباز شریف سے درخواست کی گئی ہے اور امید ہے کہ وہ جلد گلگت کا دورہ کرکے منصوبے کا افتتاح کریں گے۔

 امجد حسین نے کہا کہ نلتر 14 میگاواٹ فیز ٹو اور 16 میگاواٹ فیز تھری پاور پروجیکٹس 2009 میں پی ایس ڈی پی کا حصہ بنے تھے۔ دونوں منصوبوں کا سنگ بنیاد 2012 میں رکھا گیا، تاہم منصوبہ طویل عرصے تک تاخیر کا شکار رہا اور اس کی تین مرتبہ ریویژن کی گئی۔

انہوں نے بتایا کہ 2015 تک منصوبے پر صرف 3 فیصد کام مکمل ہوا تھا، جبکہ 2021 میں مجموعی پیش رفت 23 فیصد تک پہنچ سکی۔ تاہم 2024 کے بعد منصوبے پر کام میں تیزی لائی گئی اور 2025 تک پیش رفت 72 فیصد ہوگئی۔

یہ بھی پڑھیں :سرکاری ہسپتالوں میں طبی سہولیات ،گلگت بلتستان میں نگرانی کا عمل تیز

وزیراعللیٰ نے کہاکہ اب منصوبہ مکمل ہوچکا ہے اور گلگت شہر کو بجلی کی فراہمی شروع کردی گئی ہے، جس سے لوڈشیڈنگ میں کمی لانے میں مدد ملی ہے۔

وزیر اعلیٰ نے منصوبے کی تکمیل میں کردار ادا کرنے والے پروجیکٹ ڈائریکٹر، محکمہ برقیات کے سیکریٹریز، ہیوی مکینیکل کمپلیکس کی ٹیم اور سابق چیف سیکریٹری ابرار احمد مرزا کی کاوشوں کو سراہاہے۔

امجد حسین نے مزید کہا کہ گلگت شہر میں بجلی کے بحران کے مستقل خاتمے کے لیے 40 میگاواٹ ہنزل پاور پروجیکٹ انتہائی اہم ہے، جو گزشتہ سات سال سے التوا کا شکار ہے۔ اس منصوبے کا آئندہ تین ماہ میں دوبارہ ٹینڈر کیا جائے گا تاکہ اس کی تکمیل کے ذریعے عوام کو بلاتعطل بجلی فراہم کی جا سکے۔

یہ بھی پڑھیں :گلگت بلتستان: 60کروڑ آمدنی،160وائلڈ لائف ملازمین،آزادکشمیر:آمدن 40لاکھ،200ملازمین،سنسنی خیزرپورٹ

وزیراعلیٰ نے کہاکہ عطاء آباد 54 میگاواٹ پاور پروجیکٹ کے مسائل بھی حل کر لیے گئے ہیں، جبکہ ہرپور اور شغرتھنگ پاور پروجیکٹس کی تکمیل کے لیے بھی سنجیدہ اقدامات کیے جا رہے ہیں۔

وزیر اعلیٰ نے وزیر اعظم پاکستان محمد شہباز شریف کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ان کی ہدایت پر غواڑی اور تھک پاور پروجیکٹس کو دوبارہ پی ایس ڈی پی میں شامل کیا گیا ہے، جن کی تکمیل سے گلگت بلتستان میں توانائی کے بحران پر قابو پانے میں مدد ملے گی۔