کوٹلی (کشمیر ڈیجیٹل)کوٹلی میں امن، اتحاد اور بھائی چارے کے فروغ کیلئے وزیر حکومت آزاد جموں و کشمیر چوہدری عبدالرحمن کی قیادت میں شاندار امن واک کا انعقاد کیا گیا۔
واک میں شہریوں، نوجوانوں اور زندگی کے مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے افراد نے شرکت کرکے امن و استحکام کے قیام اور مثبت سماجی رویوں کے فروغ کے عزم کا اظہار کیا۔
امن واک کا آغاز آبشار چوک کوٹلی سے ہوا، جو بٹ چوک اور شہید چوک سے گزرتی ہوئی ڈگری کالج کوٹلی پہنچ کر اختتام پذیر ہوئی۔
واک کے شرکاء نے امن، بھائی چارے، اتحاد، رواداری اور باہمی احترام کے پیغامات پر مشتمل عزم کا اظہار کیا۔
وزیر حکومت چوہدری عبدالرحمن نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ معاشرے کی ترقی، استحکام اور خوشحالی کے لیے امن بنیادی ضرورت ہے۔
نوجوانوں سمیت معاشرے کے تمام طبقات کو چاہیے کہ وہ تخریبی سرگرمیوں سے دور رہیں اور مثبت، تعمیری اور صحت مند سرگرمیوں کے ذریعے معاشرے کی بہتری میں اپنا کردار ادا کریں۔
چوہدری عبدالرحمن نے کہا کہ اختلافات اور مسائل کا حل تصادم یا انتشار کے بجائے پرامن، ذمہ دارانہ اور تعمیری طرزِ عمل میں مضمر ہے۔ ایسے اقدامات معاشرے میں برداشت، رواداری، باہمی احترام اور اجتماعی ذمہ داری کے احساس کو مضبوط بناتے ہیں۔
امن واک کے انعقاد کا بنیادی مقصد تخریبی سرگرمیوں کے بجائے امن، بھائی چارے، اتحاد اور مثبت سوچ کو فروغ دینا، عوام میں شعور بیدار کرنا اور معاشرے کے تمام طبقات کو پُرامن ماحول کے قیام کے لیے متحد کرنا تھا۔
واک کے اختتام پر شرکاء نے اس عزم کا اظہار کیا کہ کوٹلی میں امن، سماجی ہم آہنگی اور استحکام کے فروغ کے لیے اپنا کردار جاری رکھیں گے۔




