پاکستان نے بھارت سمیت تمام ایس سی او ممالک کو مکالمے کی دعوت د ے دی

نئی دہلی (کشمیر ڈیجیٹل) وفاقی وزیرِ موسمیاتی تبدیلی مصدق ملک نے بھارت سمیت شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او) کے تمام رکن ممالک کو مکالمے، ثقافتی روابط اور باہمی تعاون کی دعوت د ے دی۔ 

بھارتی دارالحکومت نئی دہلی میں شنگھائی تعاون تنظیم کے تہذیبی مکالمے سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر مصدق ملک نے کہا کہ پاکستان کا تاریخی اور تہذیبی ورثہ انتہائی وسیع ہے اور اس کے روابط فارس اور عرب سے لے کر بخارا اور سمرقند تک پھیلے ہوئے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں:پاکستان اوربھارت کے درمیان بامعنی مکالمہ وقت کی اہم ضرورت ہے، وفاقی وزیر مصدق ملک

انہوں نے ایس سی او کے تمام رکن ممالک کو دعوت دی کہ وہ پاکستان کے اس تاریخی، ثقافتی اور تہذیبی ورثے سے استفادہ کریں اور خطے میں باہمی تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کیلئےمشترکہ کوششیں کریں۔

وفاقی وزیر نے اپنے خطاب میں اس بات پر زور دیا کہ مختلف تہذیبوں، ثقافتوں اور نظریات کے درمیان مکالمے کو فروغ دینا وقت کی اہم ضرورت ہے۔

 ان کے مطابق اختلافِ رائے کو تصادم کے بجائے ایک دوسرے کو سمجھنے اور سیکھنے کا ذریعہ بنایا جانا چاہیے کیونکہ مکالمے کے ذریعے ہی خطے میں امن، برداشت اور باہمی احترام کی فضا قائم کی جا سکتی ہے۔

مصدق ملک نے ثقافتی ورثے کے تحفظ اور تاریخی اثاثوں کو آئندہ نسلوں تک منتقل کرنے کیلئے شنگھائی تعاون تنظیم کے تحت ایک مشترکہ نیٹ ورک قائم کرنے اور ڈیجیٹل لائبریری کے قیام کی تجاویز بھی پیش کیں۔

یہ بھی پڑھیں:پانی روکنے پر ہاتھ کاٹ دینگے، مصدق ملک کا بھارت کو دوٹوک پیغام
ان کا کہنا تھا کہ جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے مختلف ممالک کے تاریخی، ادبی اور ثقافتی ذخیرے کو محفوظ بنایا جا سکتا ہے جس سے خطے کے عوام کو ایک دوسرے کی تہذیبوں اور تاریخ سے آگاہی حاصل کرنے میں مدد ملے گی۔

وفاقی وزیر نے موسمیاتی تبدیلی کے بڑھتے ہوئے خطرات کا ذکر کرتے ہوئے ایس سی او کے پلیٹ فارم سے مشترکہ اقدامات کرنے پر بھی زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ ماحولیاتی تبدیلی ایک ایسا چیلنج ہے جس سے نمٹنے کیلئے علاقائی تعاون اور مشترکہ حکمت عملی ناگزیر ہے۔