نئے صوبوں کا معاملہ متنازع بنا دیا گیا، حل ریفرنڈم ہے، رانا ثنا اللہ

اسلام آباد:وفاقی وزیر برائے بین الصوبائی رابطہ اور وزیراعظم کے مشیر برائے سیاسی امور سینیٹر رانا ثنا اللہ نے کہا ہے کہ نئے صوبوں کے معاملے کو جتنا متنازع بنا دیا گیا ہے، اس کا حل اب عوام سے رائے لینے یعنی ریفرنڈم میں ہی پوشیدہ ہے۔

ہفتے کے روز نجی ٹی وی چینل میں گفتگو کرتے ہوئے رانا ثناء اللہ نے کہا کہ موجودہ بحرانی کیفیت میں عوام کی رائے لینے میں کوئی حرج نہیں ہے۔

یہ بھی پڑھیں:نئے صوبے ، پیپلزپارٹی نہیں مانی تو بھی کوئی نہ کوئی راستہ نکلے گا، خواجہ آصف

انہوں نے کہا کہ ایک جانب پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری ریفرنڈم پر خون کی ندیاں بہانے کی بات کر رہے ہیں، جبکہ دوسری جانب بعض حلقے یہ دعویٰ کرتے ہیں کہ 83 فیصد عوام نئے صوبوں کے قیام کے حق میں ہیں۔

انہوں نے کہا کہ کہا جا رہا ہے کہ بھارت کی ریاست اترپردیش کی آبادی پاکستان کی آبادی کے لگ بھگ ہے، لیکن اسے تقسیم نہیں کیا گیا، اس لیے نئے صوبوں کے قیام کے معاملے پر ہر شخص کو اپنی رائے دینے کا حق حاصل ہے۔

رانا ثنااللہ نے کہا کہ بعض وزرا نے نئے صوبوں کے قیام کی حمایت کی، بعض نے مخالفت کی جبکہ کچھ نے درمیانی رائے دی۔ ان کا مؤقف ہے کہ جب یہ معاملہ پارلیمنٹ میں آئے گا تو مسلم لیگ (ن) اپنی قیادت کے ساتھ اجلاس کرکے تمام ارکان کی رائے لے گی اور اس کے بعد پارٹی پالیسی کا اعلان کیا جائے گا۔

قبل ازیں، نئے صوبوں سے متعلق جاری سیاسی بحث پر تبصرہ کرتے ہوئے رانا ثناء اللہ نے کہا تھا کہ وزیر داخلہ محسن نقوی نے نئے صوبوں کی بحث شروع کی ہے جبکہ بلاول بھٹو زرداری اس کی مخالفت کر رہے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں:نئے صوبے ناگزیر ،ہمیں مرنے سے نہ ڈرائیں، بلاول کو ہزاروں ارب روپے آنا بند ہونے کا ڈر ہے، مصطفیٰ کمال

جمعہ کی رات وزیراعظم کے مشیر نے کہا تھا کہ صدر آصف علی زرداری کا ایک بیٹا نئے صوبوں کے حق میں اور دوسرا اس کی مخالفت کر رہا ہے، اور چونکہ محسن نقوی اور بلاول بھٹو دونوں صدر مملکت کے تابع ہیں، اس لیے صدر زرداری کو چاہیے کہ وہ دونوں کو سمجھائیں کیونکہ اس معاملے پر بحث کو آلودہ کرنے سے کچھ حاصل نہیں ہوگا۔