کینیڈا کے صوبے برٹش کولمبیا میں پاکستانی نژاد کینیڈین ذیشان واہلہ کو وزیرِ مملکت برائے ہاؤسنگ مقرر کر دیا گیا ہے۔
صوبے کی نئی کنزرویٹو حکومت کی کابینہ میں اہم ذمہ داری ملنے پر کینیڈا بھر میں مقیم پاکستانی نژاد کمیونٹی کی جانب سے خوشی اور مسرت کا اظہار کیا جا رہا ہے۔
یہ بھی پڑھیں:افتخار گیلانی کو وزیراعظم بنانے کا فیصلہ نوازشریف نے کیا،رانا ثناء اللہ
برٹش کولمبیا کے نومنتخب وزیرِ اعلیٰ لورن ڈورکسن نے صوبے کے 38ویں وزیرِ اعلیٰ کی حیثیت سے حلف اٹھانے کے بعد اپنی نئی کابینہ کا اعلان کیا، جس میں پاکستانی نژاد ذیشان واہلہ کو بھی شامل کیا گیا ہے۔
انہیں وزیرِ مملکت برائے ہاؤسنگ کی ذمہ داریاں سونپی گئی ہیں، جو صوبے میں رہائشی امور اور ہاؤسنگ پالیسی کے حوالے سے اہم شعبہ تصور کیا جاتا ہے۔
نئی صوبائی حکومت کی تقریبِ حلف برداری دارالحکومت وکٹوریہ کے گورنمنٹ ہاؤس میں منعقد ہوئی، جہاں لیفٹیننٹ گورنر وینڈی کوکیا نے نومنتخب وزیرِ اعلیٰ اور کابینہ کے دیگر ارکان سے ان کے عہدوں کا حلف لیا۔
تقریب میں صوبے کی سیاسی و سماجی شخصیات سمیت مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد نے شرکت کی۔
واضح رہے کہ 24 اکتوبر 2026 کو ہونے والے صوبائی انتخابات کے نتیجے میں کنزرویٹو پارٹی نے اکثریت حاصل کی، جس کے بعد برٹش کولمبیا میں نئی کنزرویٹو حکومت قائم ہوئی۔ تقریباً ایک صدی بعد صوبے میں کنزرویٹو جماعت کو حکومت بنانے کا موقع ملا ہے۔
یہ بھی پڑھیں:نوازشریف کی آزادکشمیر میں حکومتی سرگرمیاں تیز کرنے کی ہدایت،کابینہ میں توسیع کا فیصلہ
ذیشان واہلہ کی صوبائی کابینہ میں شمولیت کو کینیڈا میں مقیم پاکستانی نژاد کمیونٹی کیلئے ایک اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔
پاکستانی کمیونٹی کے حلقوں میں اس تقرری کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے اُمید ظاہر کی جا رہی ہے کہ وہ اپنی نئی ذمہ داریوں کو احسن انداز میں نبھاتے ہوئے صوبے کی ترقی اور عوامی فلاح و بہبود میں مؤثر کردار ادا کریں گے۔




