پاکستان اوربھارت کے درمیان بامعنی مکالمہ وقت کی اہم ضرورت ہے، وفاقی وزیر مصدق ملک

نئی دہلی ( کشمیر ڈیجٹیل) پاکستان اور بھارت کے درمیان کشیدگی کے ماحول میں تہذیبی روابط اور مکالمے کے فروغ کی اہمیت ایک بار پھر اجاگر ہوگئی۔

فاقی وزیر موسمیاتی تبدیلی ڈاکٹر مصدق مسعود ملک نے کہا ہے کہ خطے کے ممالک مشترکہ تاریخ، ثقافت اور تہذیبی ورثے کے ذریعے ایک دوسرے کے قریب آ سکتے ہیں۔

تہذیبیں سرحدوں کی پابند نہیں ہوتیں اور پاکستان و بھارت سمیت خطے کے ممالک کے درمیان بامعنی مکالمہ وقت کی اہم ضرورت ہے۔

یہ بھی پڑھیں :پاکستان نے گوردوارہ کھولا، بھارت نے پروپیگنڈا شروع کردیا

بھارتی دارالحکومت نئی دہلی میں شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او) کے تہذیبی مکالمے میں شرکت کے موقع پر میڈیا سے غیر رسمی گفتگوکے دوران اہم بیان مشورہ دیدیا

 ڈاکٹر مصدق مسعود ملک نے کہا کہ تہذیب و تمدن کے موضوع پر کثیرالجہتی مکالمے میں شرکت پاکستان کیلئے ایک غیر معمولی موقع ہے، جہاں خطے کے ممالک کو اپنی مشترکہ تاریخ، جغرافیے، ثقافت اور تہذیبی ورثے پر تبادلہ خیال کا موقع میسر آیا ہے۔

وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ ثقافتیں اور تہذیبیں جغرافیائی سرحدوں کی پابند نہیں ہوتیں بلکہ سرحدوں سے ماورا اپنا تاریخی اور ثقافتی تشخص رکھتی ہیں۔

 یکسانیت کے لیے مکالمے کی ضرورت نہیں ہوتی بلکہ مکالمہ دراصل مختلف نظریات، ثقافتوں اور تنوع کو سمجھنے اور قبول کرنے کا نام ہے۔

ڈاکٹر مصدق مسعود ملک نے کہا کہ پاکستان، بھارت، روس، چین اور وسطی ایشیائی ریاستوں کے درمیان صدیوں پر محیط قدیم تہذیبی روابط موجود ہیں۔

یہ بھی پڑھیں :محکمہ اطلاعات اور صحافیوں کے مابین رابطہ کاری ناگزیر ہے، سیکرٹری راشد حنیف

 خطے میں ہونے والی آثارِ قدیمہ کی کھدائیوں سے مشترکہ تہذیبوں اور تاریخی تعلقات کے واضح شواہد ملتے ہیں، جو ان ممالک کے درمیان مشترکہ تاریخی ورثے کی عکاسی کرتے ہیں۔

مصدق ملک نے کہا کہ تہذیب و تمدن کے موضوع پر کثیرالجہتی مکالمہ خطے کے تمام ممالک کے لیے ایک اہم موقع ہے، کیونکہ اس کے ذریعے مختلف معاشروں کو ایک دوسرے کی ثقافت، تاریخ اور روایات کو سمجھنے کا موقع ملتا ہے۔

وفاقی وزیر موسمیاتی تبدیلی کا مزید کہنا تھا کہ ایس سی او کا تہذیبی مکالمہ فورم خطے کے ممالک کو مشترکہ تاریخ اور ثقافت پر گفتگو کے لیے ایک مؤثر پلیٹ فارم فراہم کرتا ہے۔

 پاکستان اور بھارت کے درمیان تہذیبی روابط اور مکالمے کا فروغ ناگزیر ہے، کیونکہ باہمی تبادلہ خیال اور ثقافتی روابط خطے کے ممالک کے درمیان افہام و تفہیم کے فروغ میں اہم کردار ادا کر سکتے ہیں۔