کوپ 31 کانفرنس ناکام، معاہدہ نہ ہوسکا، عالمی رہنمائوں کا سخت ردعمل

ترکیہ کے شہر انطالیہ میں ہونے والی اقوام متحدہ کی عالمی ماحولیاتی کانفرنس کوپ 31 بغیر کسی حتمی سیاسی معاہدے کے اختتام پذیر ہوگئی جس پر اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل سمیت متعدد ممالک نے مایوسی کا اظہار کیا ہے ۔

اقوام متحدہ کی عالمی ماحولیاتی کانفرنس کوپ 31 میں مختلف ممالک کے نمائندے موسمیاتی تبدیلی کے اثرات کم کرنے، صاف توانائی کو فروغ دینے، فوسل فیول سے منتقلی اور متاثرہ ممالک کو مالی معاونت فراہم کرنے کے معاملات پر مذاکرات کررہے تھے تاہم کانفرنس کے اختتام پر بھی ان بنیادی معاملات پر اتفاق رائے پیدا نہیں ہوسکا جبکہ مختلف ممالک نے اپنے اپنے تحفظات اور مطالبات برقرار رکھے۔

عالمی خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق گزشتہ روز کانفرنس کے اختتام پر مختلف ممالک کے مندوبین نے مذاکرات میں ناکامی پر مایوسی کا اظہار کیا جبکہ فوسل فیول کے استعمال، موسمیاتی مالی معاونت اور ماحولیاتی بحران سے نمٹنے کے طریقہ کار پر اختلافات نمایاں رہے۔

یہ بھی پڑھیں:حکومتی لاپرواہی، خطہ کشمیر ماحولیاتی آلودگی کا شکار،مظفرآبادمسائلستان بن گیا

اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس نے کوپ 31 میں کسی مشترکہ فیصلے پر اتفاق نہ ہونے پر گہری مایوسی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ ان تمام افراد کی شدید مایوسی میں شریک ہیں جنہیں توقع تھی کہ حکومتیں موسمیاتی بحران کی سنگینی کے مطابق اقدامات کریں گی۔

ان کا کہنا تھا کہ مذاکراتی کمرے میں اتفاق رائے نہیں ہوسکا لیکن سائنسی شواہد میں کوئی ابہام نہیں۔

فوسل فیول پر اختلافات معاہدے کی راہ میں رکاوٹ بن گئے

مذاکرات کے صدر کرس بوون نے کہا کہ کانفرنس کے دوران صاف توانائی کے حوالے سے کئی مثبت اقدامات ہوئے اور 90 سے زائد ممالک نے بجلی کے استعمال کو فروغ دینے کے عہد پر دستخط کیے تاہم موسمیاتی اقدامات کے لیے یہ کوششیں کافی نہیں تھیں۔

انہوں نے کہا کہ فوسل فیول سے بتدریج منتقلی کا معاملہ بنیادی اختلاف کی وجہ بنا کیونکہ بعض ممالک چاہتے تھے کہ اس کا ذکر حتمی فیصلے میں لازمی شامل ہو جبکہ دوسرے ممالک نے واضح کیا کہ ایسا کیا گیا تو وہ فیصلے کو ویٹو کردیں گے۔

چین کی وزارت ماحولیات و ماحولیات کی نائب وزیر اور چینی وفد کی سربراہ لی گاؤ نے بھی حتمی فیصلے پر اتفاق نہ ہونے کو مایوس کن قرار دیا تاہم ان کا کہنا تھا کہ اسے کثیرالجہتی سفارتی عمل کی ناکامی نہیں سمجھنا چاہیے بلکہ اتفاق رائے کے لیے مزید کوششوں کی ضرورت ہے۔

افریقی ممالک اور کمزور ریاستوں کے تحفظات

کینیا کے وفد نے کہا کہ وہ کثیرالجہتی نظام کے لیے اپنے عزم کی تجدید کرتے ہیں لیکن اس نظام کو عملی نتائج بھی دینا ہوں گے۔

وفد نے دعویٰ کیا کہ حتمی فیصلے میں افریقا کا نام تک شامل نہیں کیا گیا حالانکہ موسمیاتی تبدیلی کے اثرات سے متاثرہ ممالک کی ضروریات کو تسلیم کرنا ضروری ہے۔

کینیا نے مطالبہ کیا کہ اخراج میں سب سے زیادہ حصہ ڈالنے والے ممالک ہی موسمیاتی معاونت فراہم کرنے میں بھی قیادت کریں۔

فلپائن کے وفد نے موسمیاتی مالی معاونت مکمل طور پر متحرک کرنے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ مالی وسائل کے بغیر کوئی ہدف محض وعدہ ہے جس تک پہنچنے کا راستہ موجود نہیں۔

نیپال اور کم ترقی یافتہ ممالک کے گروپ نے بھی کسی بامعنی نتیجے کے بغیر واپس جانے پر مایوسی کا اظہار کیا۔

یورپی یونین، برطانیہ کی مخالفت

یورپی یونین کے وفد نے واضح کیا کہ وہ ایسے کسی معاہدے کی حمایت نہیں کرے گا جس میں موسمیاتی تبدیلی کی بنیادی وجہ فوسل فیول کا ذکر تک نہ ہو۔

برطانیہ کی مرکزی موسمیاتی مذاکرات کار کیٹ ہیوز نے مجوزہ فیصلے کو موسمیاتی بحران کی سنگینی سے مطابقت نہ رکھنے والا قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ سائنس کے حوالے سے پیش رفت کے بجائے پیچھے جانے کے مترادف ہے۔

ناروے کی وزیر موسمیات سگرن جیرلو آسلینڈ نے بھی کہا کہ مجوزہ مسودہ ماضی میں طے پانے والے معاہدوں سے پیچھے لے جاتا ہے۔

دوسری جانب سعودی عرب کے وفد نے مؤقف اختیار کیا کہ موسمیاتی تبدیلی سے نمٹنے کے لیے تمام ممکنہ حل زیر غور رہنے چاہئیں۔

روس کے نمائندے سرگئی کونونوچینکو نے کہا کہ تیل اور گیس کی رسد میں طلب سے زیادہ تیزی سے کمی کے نتیجے میں توانائی کی قلت، قیمتوں میں اچانک اضافہ اور غریب طبقے کے لیے توانائی کے حصول میں مشکلات پیدا ہوسکتی ہیں۔

وانواتو نے 1.5 ڈگری کے ہدف پر تشویش ظاہر کردی

وانواتو کے وفد نے مجوزہ فیصلے کو بین الاقوامی قانون، سائنسی تقاضوں اور کمزور آبادیوں کی ضروریات سے کم قرار دیا۔

وفد نے کہا کہ فوسل فیول، جو موسمیاتی بحران کی بنیادی وجہ ہے، اس کا ذکر نہ ہونا ناقابل قبول ہے۔ اسی طرح عالمی درجہ حرارت میں اضافے کو 1.5 ڈگری سینٹی گریڈ تک محدود رکھنے کے ہدف کو کمزور کرنے والی زبان بھی قبول نہیں کی جاسکتی۔

کانفرنس کے صدر کا مزید مذاکرات سے انکار

کوپ 31 کے صدر مراد کورم نے کہا کہ وہ مذاکرات میں اتفاق رائے کے لیے ہر ممکن کوشش کرچکے ہیں اور کسی ایک لفظ یا جملے پر اصرار کرتے رہنے سے کوئی فائدہ نہیں ہوگا۔

انہوں نے واضح کیا کہ اتفاق رائے نہ ہونے پر اب کوئی نیا مسودہ تیار نہیں کیا جائے گا اور پہلے سے منظور شدہ فیصلوں پر عمل درآمد کیا جائے گا۔