وادی نیلم،مکان میں لگی آگ بجھاتے ایک ہی خاندان کے 4افراد زخمی

وادی نیلم کی تحصیل شاردہ کی یونین کونسل حاجیاں کھریگام میں رہائشی مکان میں اچانک آگ بھڑک اٹھی، ایک ہی خاندان کے چار افراد زخمی، مکان کا کچن جل گیا۔

بالائی وادی نیلم کی یونین کونسل حاجیاں کھری گام شاردہ میں رات گئے عبدالرشید ولد یعقوب کے رہائشی مکان میں اچانک آگ بھڑک اٹھی، جس کے نتیجے میں مکان کا کچن جل گیا، تاہم بروقت کوششوں سے باقی مکان کو جلنے سے بچا لیا گیا۔

یہ بھی پڑھیں:وادی نیلم کے عوام ،سیاحوں کیلئے بڑی خوشخبری، این ایچ اے ٹیم شاہراہ نیلم کا سروے کریگی

اپنا آشیانہ بچانے کے دوران خاندان کے سربراہ اپنے دوبیٹوں اور اہلیہ سمیت زخمی ہو ئے، ذرائع کے مطابق آگ بجھانے کی کوشش کے دوران عبدالرشید، ان کے بیٹے امجد اور وقار جبکہ اہلیہ شیر بانو زخمی ہو گئے۔

اطلاع ملتے ہی ایمرجنسی ریسکیو سروس یونٹ شاردہ کی ٹیم موقع پر پہنچ گئی اور زخمیوں کو ایمبولینس کے ذریعے سول ہسپتال شاردہ منتقل کر دیا۔

ریسکیو ذرائع کے مطابق زخمیوں کی حالت بہتر بتائی جا رہی ہے۔

یہ بھی پڑھیں:وادی نیلم، گلگت بلتستان اور چترال کے پہاڑ برف سے ڈھک گئے،سردی کی شدت میں اضافہ

مکان کو آگ کیسے لگی یہ ابھی تک معلوم نہیں ہوسکا لیکن گزشتہ دنوں میں شارٹ سرکٹ کےباعث وادی نیلم میں کئی مکان خاکستر ہوچکے ہیں۔