پی سی بی نے سابق آسٹریلوی کرکٹر کو پاکستان ویمنز ٹیم کاہیڈ کوچ مقررکردیا

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے سابق آسٹریلوی کرکٹر شین ڈائٹز کو قومی ویمنز کرکٹ ٹیم کا ہیڈ کوچ مقرر کر دیا ہے۔ وہ ویسٹ انڈیز کے خلاف سیریز سے اپنی ذمہ داریاں سنبھالیں گے۔

شین ڈائٹز ویسٹ انڈیز میں موجود قومی ویمنز اسکواڈ کو جوائن کریں گے، جہاں وہ ٹیم کی کوچنگ کے فرائض انجام دیں گے۔ اس سے قبل بھی وہ ویسٹ انڈیز ویمنز کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ رہ چکے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں:2035تک ورلڈکپ اور دیگر ایونٹس کہاں ہوں گے، شیڈول جاری

شین ڈائٹز کی کوچنگ میں ویسٹ انڈیز ویمنز ٹیم نے 2024 اور 2026 کے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے سیمی فائنل تک رسائی حاصل کی تھی۔

51 سالہ سابق آسٹریلوی کرکٹر بنگلہ دیش اور نیدرلینڈز کی ویمنز کرکٹ ٹیموں کے ساتھ بھی کوچنگ کے فرائض انجام دے چکے ہیں۔

پاکستان ویمنز ٹیم کا ہیڈ کوچ مقرر ہونے پر شین ڈائٹز نے خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی ویمنز کرکٹ ٹیم کے ساتھ کام کرنا ان کے لیے اعزاز کی بات ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کرکٹ کی ایک شاندار تاریخ ہے اور وہ قومی ویمنز ٹیم کے ساتھ کام کرنے کے لیے پُرجوش ہیں۔

شین ڈائٹز نے کہا کہ 2028 میں پاکستان میں ہونے والے ہوم ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں شائقین کو خوشیاں دینا ان کا ہدف ہے، تاہم اس ایونٹ میں بہتر کارکردگی دکھانے کے لیے ٹیم کو سخت محنت کرنا ہوگی۔

نئے ہیڈ کوچ کا کہنا تھا کہ وہ قومی ویمنز ٹیم کی بہتری اور مستقبل کے اہداف کے حصول کے لیے کھلاڑیوں کے ساتھ مل کر کام کرنے کے منتظر ہیں۔

یہ بھی پڑھیں:پی سی بی نے محمد یوسف اور ثنا میر کو ہال آف فیم میں شامل کر لیا

پاکستان ویمنز کرکٹ ٹیم کے لیے 2028 کا ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ اہم ایونٹ ہوگا، جس کی تیاریوں کے سلسلے میں شین ڈائٹز کی تقرری کو ایک اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔