وادی نیلم کے عوام ،سیاحوں کیلئے بڑی خوشخبری، این ایچ اے ٹیم شاہراہ نیلم کا سروے کریگی

مظفرآباد: وادی نیلم کے عوام اور سیاحوں کیلئے اہم پیش رفت سامنے آئی ہے، شاہراہ نیلم ویلی کے وفاقی تحویل میں جانے اور بحالی کے امکانات روشن ہو گئے ہیں۔ نیشنل ہائی وے اتھارٹی (NHA) کی لینڈ سروے ٹیم 16 سے 19 نومبر تک مظفرآباد سے تائوبٹ تک شاہراہ نیلم کا تفصیلی سروے کرے گی۔

وزیراعظم پاکستان کے دفتر کی جانب سے جاری مراسلے کی روشنی میں ہونے والے اس سروے کے دوران این ایچ اے کی ٹیم شاہراہ نیلم ویلی کی موجودہ صورتحال کا جائزہ لے گی اور شاہراہ کی روڈ اسیسمنٹ کی جائے گی۔

یہ بھی پڑھیں؛وادی نیلم، گلگت بلتستان اور چترال کے پہاڑ برف سے ڈھک گئے،سردی کی شدت میں اضافہ

سروے کے دوران سڑک کی حالت، بحالی کی ضروریات اور دیگر تکنیکی پہلوؤں کا جائزہ لیا جائے گا، جس کے بعد نیلم ویلی روڈ کو وفاقی تحویل میں لینے اور اس کی تعمیر و مرمت کے حوالے سے آئندہ پیش رفت کی راہ متعین ہونے کی توقع ہے۔

 نیلم ویلی روڈ کی بہتری سے نہ صرف مقامی آبادی کو آمدورفت کی بہتر سہولیات میسر آنے کی امید ہے بلکہ سیاحتی سرگرمیوں، کاروبار اور وادی نیلم کی معاشی ترقی پر بھی مثبت اثرات مرتب ہو سکتے ہیں۔

وادی نیلم کے عوام طویل عرصے سے شاہراہ کی بہتری اور پائیدار بحالی کے منتظر ہیں، ایسے میں این ایچ اے کی سروے ٹیم کا دورہ علاقے کے لیے اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔

یاد رہے کہ موسم سرما میں برفباری کے سیزن کے دوران شاہراہ نیلم ہفتوں تک بند رہتی ہےجس سے مقامی آبادی اور سیاحوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پرتا ہے۔

یہ بھی پڑھیں؛وادی نیلم،غیور کشمیریوں نے کالعدم ایکشن کمیٹی سے کنارہ کشی اختیار کرلی

شاہرہ کے نیشنل ہائی وے اتھارٹی کی تحویل میں آنے سے اس کی حالت بہتر ہونے کیساتھ وادی نیلم کے دیرینہ مطالبات ٹنل کی تعمیر ہونے کے بھی امکانات ہیں جس سے عوام بلاخوف وخطر سفر کرسکیں گے۔