گلگت بلتستان، دیامر میں ری پولنگ کے نتائج جاری، پی پی امیدوار کامیاب

چلاس:عدالتی حکم پر گلگت بلتستان اسمبلی کے حلقہ جی بی اے 16 دیامر 2کے تین پولنگ اسٹیشنوں پر ہونے والی ری پولنگ کے بعد ریٹرننگ آفیسر عامر تحسین نے (فارم 47 اور فارم 49 باقاعدہ طور پر جاری کر دیئے ہیں۔

 حتمی نتائج کے مطابق پاکستان پیپلز پارٹی کے امیدوار عطاء اللہ انتہائی کانٹے دار مقابلے کے بعد 6,758 ووٹ حاصل کر کے کامیاب قرار پائے ہیں، جبکہ آزاد امیدوار امام ملک 6,673 ووٹوں کے ساتھ دوسرے نمبر پر رہے۔

یہ بھی پڑھیں:سرکاری ہسپتالوں میں طبی سہولیات ،گلگت بلتستان میں نگرانی کا عمل تیز

الیکشن کمیشن گلگت بلتستان کی جانب سے جاری کردہ فارم 49 کے اعداد و شمار کے مطابق حلقہ دیامر ٹو میں کل رجسٹرڈ ووٹرز کی تعداد 46,282 ہے، جن میں 24,328 مرد اور 21,954 خواتین ووٹرز شامل ہیں۔ حتمی گنتی میں کل 25,327 ووٹ درست قرار پائے جبکہ 306 ووٹ مسترد ہوئے۔

اس سے قبل جاری کئے گئے فارم 47 میں 42 پولنگ اسٹیشنوں کے 23,910 درست ووٹوں کا اندراج کیا گیا تھا، جس میں ٹرن آؤٹ 51.66 فیصد رہا اور 47 ووٹوں کو گنتی سے خارج ظاہر کیا گیا تھا۔ ری پولنگ کے ووٹ شامل ہونے کے بعد حتمی فارم 49 میں درست ووٹوں کی مجموعی تعداد میں 1,417 ووٹوں کا اضافہ ہوا۔

یاد رہے کہ حلقہ جی بی اے 16دیا مر میں انتخابی تنازع عرصہ سے چل رہا تھا ، عام انتخابات میں یہاں سے آزادامیدوار امام مالک کو کامیاب قرار دیا گیا تھا جس کیخلاف پیپلزپارٹی کے امیدوار عطااللہ کے حامیوں نے شدید احتجاج کیا اور دوبارہ گنتی کی گئی۔

انتخابی ٹریبونل کے حکم پر پوسٹل بیلٹ کی تصدیق اور گنتی ہوئی تو 14 ستمبر کو جاری کردہ نظرثانی شدہ فارم 49 کے مطابق عطا اللہ شاہ 6,618 ووٹ لے کر صرف 13 ووٹوں کی برتری سے کامیاب قرار پائے، جبکہ امام ملک نے 6,605 ووٹ حاصل کیے۔

امام ملک کی درخواست پر انتخابی ٹریبونل نے تین پولنگ اسٹیشنوں پر دوبارہ پولنگ کا حکم دیا۔ 15 نومبر کو دوبارہ پولنگ ہوئی، تاہم تھور ویلی کے وارہ خواتین پولنگ اسٹیشن سے مبینہ طور پر بیلٹ بکس اور انتخابی سامان لے جانے کے الزامات سامنے آئے۔

دونوں امیدواروں کے حامیوں نے احتجاج کیا اور شاہراہ قراقرم کو چلاس سمیت مختلف مقامات پر تقریباً 10 گھنٹے تک بند رکھا۔ انتخابی بے ضابطگیوں کے الزامات پر الیکشن کمیشن نے تحقیقات بھی شروع کیں تھیں۔

یہ بھی پڑھیں:گلگت بلتستان: 60کروڑ آمدنی،160وائلڈ لائف ملازمین،آزادکشمیر:آمدن 40لاکھ،200ملازمین،سنسنی خیزرپورٹ

یہ بھی یاد رہے کہ امام مالک انتخابات کے بعد استحکام پاکستان پارٹی میں شامل ہوگئے تھے لیکن اب استحکام پاکستان پارٹی اور پیپلزپارٹی کے مابین کشیدگی پیدا ہونے کا امکان ہے،استحکام پاکستان پارٹی نے دعویٰ کیا ہے کہ امام مالک جیتے ہوئے ہیں اور حکومت نے دھاندلی کی ہے۔

15نومبر کو پولنگ کے بعد دونوں امیدواروں کے حامیوں نے شدید احتجاج کیا تھا اور شاہراہ قراقرم گھنٹوں تک بلاک رہی تھی،اب یہ معاملہ کس طرف جائیگا، یہ آنیوالا وقت ہی بتائے گا۔