نوازشریف  کو نجی دورہ نیلم پر خوش آمدید کہتے ہیں، شاہ غلام قادر

نیلم: صدر مسلم لیگ ن آزاد جموں و کشمیر شاہ غلام قادر نے قائد مسلم لیگ(ن) میاں نوازشریف کے دورہ نیلم کا اعلان کرتے ہوئے اسے نجی نوعیت کا قرار دیا ہے۔

سوشل میڈیا ویب سائٹ فیس بک پر ایک پوسٹ میں شاہ غلام قادر نے کہا کہ ہم میاں محمد نواز شریف کو وادی نیلم آمد پر خوش آمدید کہتےہیں ۔

یہ بھی پڑھیں:نوازشریف ، مریم نواز کا دورہ آزادکشمیر، میگاپراجیکٹس کی تفصیلات سامنے آگئیں

 ان کا کہنا ہے کہ صدر پاکستان مسلم لیگ (ن) کا دورہ نیلم نجی نوعیت کا ہے جب ہمارے قائد نیلم میں سیاسی دورے پر تشریف لائیں گے تو اس موقع پر باقاعدہ طور پر سیاسی تقریبات اور ان سے کارکنوں کی ملاقاتوں کا اہتمام کیا جائے گا۔

شاہ غلام قادر کی جانب سے یہ نہیں بتایا گیا کہ میاں نوازشریف کب نیلم کا دورہ کرینگے لیکن میاں نوازشریف اور مریم نواز کا دورہ مظفرآباد بدھ کو شیڈول ہے، امکان ظاہر کیا جا رہا ہے کہ مظفرآبا د سے نوازشریف اور مریم نواز نیلم ویلی کا دورہ کرینگے اور یہ دورہ سیاحت کے حوالے سے ہو سکتا ہے۔

میاں نوازشریف کئی مواقع پر نیلم ویلی اور لیپہ ویلی کی خوبصورتی کی تعریف کرچکے ہیں اور کئی دورے بھی کئے ہیں، میاں نوازشریف کے آبائو اجداد کا تعلق بھی لیپہ ویلی سے بتایا جاتا ہے۔

شاہ غلام قادر جو بیرسٹر افتخار گیلانی کو وزیراعظم بنانے پرکچھ ناراض تھے ، اب ان کی جانب سے یہ پوسٹ ظاہر کرتی ہے کہ اب وہ پھر سے لیگی قیادت کے قریب آگئے اور گلے شکوے ختم ہو گئے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں:نواز شریف کے دورہ مظفرآباد کا شیڈول سامنے آگیا، آزاد کشمیرکیلئے اہم اعلانات متوقع

ابتدائی طور پر شاہ غلام قادر نے افتخار گیلانی کوووٹ نہیں دیا تھا لیکن انہوں نے اعلان کیا تھا کہ وہ پارٹی کیساتھ مخلص رہیں گے اور بیرسٹر افتخار گیلانی کی بھرپور سپورٹ کرینگے۔

شاہ غلام قادر نے کارکنوں کو بھی پیغام دیا ہے کہ وہ ملاقاتوں کیلئے نہ آئیں کیونکہ یہ دورہ نجی نوعیت کا ہے۔