صدر مملکت آصف علی زرداری نے وزیراعظم محمد شہباز شریف اور چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کو دنیا کی 500 بااثر مسلم شخصیات کی فہرست میں شامل ہونے پر مبارکباد پیش کی ہے اور اسے پوری پاکستانی قوم کیلئےِ فخر کا باعث قرار دے دیا۔
صدرپاکستان نے اپنے تہنیتی پیغام میں کہا کہ اردن کے ممتاز ادارے رائل اسلامک اسٹریٹجک اسٹڈیز سینٹر کی جانب سے شائع ہونے والی دنیا کی 500 بااثر مسلم شخصیات کی فہرست میں وزیراعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل عاصم منیر کی شمولیت ایک قابلِ فخر اور خوش آئند پیشرفت ہے۔
مزید یہ بھی پڑھیں:شہباز شریف اور عاصم منیر مسلم دنیا کی بااثر ترین شخصیات میں پہلے نمبر پر آگئے
ان کا کہنا ہے کہ یہ اعزاز نہ صرف پاکستان کیلئے باعثِ مسرت نہیں بلکہ قومی قیادت کی خدمات اور کردار کا بھی اعتراف ہے۔
دونوں شخصیات کی فہرست میں شمولیت ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب پاکستان ایک اہم قومی مرحلے سے گزر رہا ہے اور استحکام، مضبوطی اور عالمی سطح پر اپنی حیثیت مزید مستحکم کرنے کی جانب پیش قدمی کر رہا ہے۔
صدر مملکت کا کہنا تھا کہ پاکستان عالمی سطح پر اپنی شناخت کو مزید مستحکم کر رہا ہے اور مسلم امہ میں اس کی آواز پہلے سے زیادہ مؤثر انداز میں گونج رہی ہے۔
انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ ملک اسی طرح اتحاد، استحکام اور ترقی کے راستے پر آگے بڑھتا رہے گا۔
مزید یہ بھی پڑھیں:عالمی برادری ترقی پذیر ممالک سے کئے وعدے پورے کرے، وزیراعظم شہباز شریف
صدر مملکت نے وزیراعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل عاصم منیر کیلئے نیک تمناؤں کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ دونوں کی عالمی سطح پر پذیرائی پاکستان کیلئے باعثِ فخر ہے۔
اپنے پیغام کے اختتام پر صدر مملکت نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ پاکستان کو مزید طاقت، اتحاد، عزت اور سربلندی عطا فرمائے اور وطن عزیز کو ترقی و خوشحالی کی منازل طے کرنے کی توفیق دے۔




