پاکستان کا بھارت میں ایس سی او مکالمے میں شرکت کا فیصلہ

اسلام آباد (کشمیر ڈیجیٹل) پاکستان نے بھارت کے دارالحکومت نئی دہلی میں منعقد ہونے والے شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او) کے تہذیبی مکالمے میں شرکت کا فیصلہ کیا ہے۔

 وفاقی وزیر برائے موسمیاتی تبدیلی و ماحولیاتی ہم آہنگی ڈاکٹر مصدق مسعود ملک 20 سے 22 نومبر 2026 تک ہونے والے اس مکالمے میں پاکستان کی نمائندگی کریں گے۔

ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق ایس سی او کے تحت منعقد ہونے والی اس تقریب میں رکن ممالک کے نمائندے شرکت کریں گےجہاں مشترکہ تہذیبی ورثے، ثقافتی روایات، تاریخ، ادب اور فنون کے تبادلے سمیت باہمی ہم آہنگی کے فروغ پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔

مزید یہ بھی پڑھیں:پاکستان کی عالمی سطح پر بڑی پذیرائی، ایس سی او کی چیئرمین شپ سنبھال لی

دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ پاکستان ایس سی او کے پلیٹ فارم پر تہذیبوں کے درمیان مکالمے، باہمی احترام اور عوامی سطح پر روابط کے فروغ کے لیے اپنا کردار ادا کرنےکیلئے پرعزم ہے۔

واضح رہے کہ ایس سی او تہذیبی مکالمے کا تصور ستمبر 2025 میں چین کے شہر تیانجن میں منعقدہ سربراہی اجلاس کے دوران پیش کیا گیا تھا۔ اس اقدام کا مقصد رکن ممالک کے درمیان مشترکہ تہذیبی ورثے اور ثقافتی روایات کے ذریعے باہمی افہام و تفہیم کو فروغ دینا ہے۔

پاکستان کی نئی دہلی میں اس سرگرمی میں شرکت ایسے وقت میں ہو رہی ہے جب پاکستان اور بھارت کے دوطرفہ تعلقات بدستور کشیدگی کا شکار ہیں، تاہم دونوں ممالک ایس سی او کے کثیرالجہتی فورم پر تنظیمی سرگرمیوں میں شریک رہتے ہیں۔

شنگھائی تعاون تنظیم کے 10 رکن ممالک میں پاکستان، چین، بھارت، روس، ایران، بیلاروس، قازقستان، کرغزستان، تاجکستان اور ازبکستان شامل ہیں۔ تنظیم کا مقصد رکن ممالک کے درمیان سیاسی، اقتصادی، سلامتی اور ثقافتی تعاون کو فروغ دینا ہے۔

مزید یہ بھی پڑھیں:ایس سی او کا بڑا اقدام، گھموٹ میں مواصلاتی نظام کا افتتاح کردیا

پاکستان اگست 2027 میں ایس سی او کے سربراہانِ مملکت کے اجلاس کی میزبانی بھی کرے گا۔